صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے میرج ہال ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،مسائل حل کرنےکاوعدہ

0
45

لاہور:صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے میرج ہال ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،مسائل حل کرنےکاوعدہ ،اطلاعات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے سی سی پی او آفس میں میرج ہال ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی اور شادی ہالوں کی بندش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق میرج ہال ایسوسی ایشن کے وفد نے کہا کہ شادی ہال کھولے جائیں۔ ہم ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں گے۔ شادی ہال ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید قمر باؤ، جنرل سیکرٹری راؤ طارق اسلام اور دیگر عہدیداران کے علاوہ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید، ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد اور دیگر متعلقہ حکام ملاقات میں موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادی ہالوں کی بندش سے آپ کی مشکلات کا پوری طرح احساس ہے۔ ماہ ستمبر کے اوائل میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لے کر شادی ہال کھولنے کی تجویز این سی او سی کے اجلاس میں رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔ ماہ ستمبر کے شروع میں صورتحال کا جائزہ لے کر ایس او پیز کے تحت تمام شادی ہالز کھولے جا سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کسی ذاتی عناد کی بنا پر کاروبار بند نہیں کئے گئے بلکہ کورونا کی وباء کے پیش نظر کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوئے۔کاروبار کھلیں گے تو حکومت کو ٹیکس ملے گا اور لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے مزید اقدامات کئے جا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر جگہ لاک ڈاؤن اور کرفیو لگانے کا شور برپا تھا لیکن وزیر اعظم عمران خان دیہاڑی دار کا روزگار بند کرنے کے حق میں نہیں تھے۔وہ اپنے لوگوں کو کورونا اور بھوک دونوں سے بچانا چاہتے تھے۔ ان کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے۔

میرج ہال ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے یقین دہانی کرائی کہ شادی ہال کھولنے کی صورت میں حکومتی ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔وفد نے ملاقات کرنے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔

Leave a reply