عازمین حج رہائش، کھانے اور دیگر سہولیات سے خوش ہیں، پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز

0
53

سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ عازمینِ حج سعودی عرب میں رہائش، کھانے، سفری و طبی سہولیات سے خوش ہیں، ڈی جی حج اور انکا عملہ پوری جانفشانی اور انتھک محنت سے کام کر رہے ہیں، یہ بات انہوں نے پاکستان ہاؤس، مدینہ منورہ آمد کے موقع پر کہی۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر راجہ علی عباس نے پاکستان ہاؤس کے مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ لی اور پاکستانی عازمینِ حج سے ملاقاتیں کیں، بریفنگ کے بعد ڈی جی حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے ڈائریکٹر حج مدینہ منورہ طارق رحمانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر فاروق رشید کے ہمراہ معزز سفیر کو مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا، معزز سفیر نے مدینہ منورہ میں موجود حج میڈیکل مشن کے مرکزی ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے وہاں موجود مرد و خواتین کے میڈیکل وارڈ اور او پی ڈی شعبوں کے معائنہ کے دوران عازمینِ حج سے ان کا احوال دریافت کیا،

پاکستانی سفیر کو ہسپتال کی ڈسپنسری، شعبہ دندان، آئی سی یو وارڈ، جدید لیبارٹری اور فارمیسی کا بھی معائنہ کرایا گیا۔ بعد ازاں پاکستانی سفیر نے مدینہ منورہ میں مختلف رہائشی عمارتوں کا دروہ کیا اور وہاں موجود سہولیات کا جائزہ لیا۔ پاکستانی سفیر کو اپنے درمیان پا کر عازمینِ حج نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عازمینِ حج کا کہنا تھا کہ انہیں مدینہ منورہ میں بہترین رہائشوں کے ساتھ پاکستانی ذائقے کے کھانوں سے تواضع کی جا رہی ہے اور ایئر پورٹ سے رہائش گاہوں تک کا سفر بھی نہایت آرام دہ رہا،

عازمینِ کرام نے مدینہ منورہ کی رہائش گاہوں ، کھانے کے معیار اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ انہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ معزز پاکستانی سفیر نے عازمینِ حج کو یقین دلایا کہ اس سال کی سہولیات کو پہلے سے بھی بہتر پائیں گے۔ وزارتِ مذہبی امور و دفتر امور حجاج پاکستان کی کوشش ہے کہ عازمینِ حج کو اپنے فرض کی ادائیگی میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ ڈی جی حج اور ان کی ٹیم پوری جانفشانی اور انتھک محنت سے دن رات کام کر رہے ہیں،

انہوں نے عازمینِ حج کو کہا کہ وہ ملک و قوم کی ترقی کیلئے بھی دعا گو رہیں ۔وزارت کی میڈیا ٹیم سے بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ رہائش، کھانے، ٹرانسپورٹ اور میڈیکل کی سہولیات سے عازمینِ حج بہت خوش ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ آنے والے سالوں میں بھی سرکاری حج سکیم اسی طرح ترقی کا سفر طے کرتی رہے ۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز عازمین حج کو سہولیات بہم پہنچانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور اس سلسلہ میں بہت متحرک دکھائی دیتے ہیں.

Leave a reply