کسانوں کے خلاف اب کاروائی ہوگی

0
47

شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی) ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے موٹر وے پر فصلوں کی باقیات جلانے کے باعث پیدا ہونے والے دھویں کے نتیجہ میں ٹریفک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے زمینداروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے کہا ہے کہ موٹروے کے قریب فصلوں کی باقیات کو آگ لگانا غیر قانونی اور انتہائی خطرناک عمل ہے۔فصل کی باقیات جلانا نہ صرف ماحول کو آلودہ کرتا ہے بلکہ حادثات کا بھی سبب بنتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آگ لگانے والے 39 زمینداروں کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے جبکہ 17 کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت اور تمام متعلقہ افسران کو دوران سفر لوگوں کی زندگی کو محفوظ بنانے کے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگا کر لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے زمینداروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔عوام کی جانوں سے کھیلنے والے کسان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے موٹروے پولیس کے تعاون سے کسانوں کے لئے آگاہی مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔سوشل میڈیا اور مساجد میں فصل کے باقیات کو آگ نہ لگانے کے اعلانات بھی کروائے جا رہے ہیں اور دیہات کے لمبرداران سے گارنٹی لی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام الناس کے سفر کو محفوظ بنانے کے لئے متحرک اور فعال انداز میں فرائض سر انجام دے رہی ہے۔

Leave a reply