آفاق احمد کا لاک ڈاون کی آڑ میں دکانیں سیل کرنے اور کھولنے کیلئے بھاری رقوم کی وصولی جیسی ذیادتیوں پر تاجروں سے مشاورت شروع
آفاق احمد نے لاک ڈاون کی آڑ میں مارکیٹیں، دکانیں سیل کرنے اور کھولنے کیلئے بھاری رقوم کی وصولی جیسی ذیادتیوں اور تاجروںکو تشددکا نشانہ بنانے پر تاجروں سے مشاورت شروع کردی ہے ،اس سلسلے میں آج لیاقت مارکیٹ کی یونین کے صدر جناب حنیف گھا نچی،سپر لیاقت مارکیٹ یونین کے صدرجناب محمد دانش، جامعہ مارکیٹ ملیر ٹنکی کے صدر جناب احتشام ، محمدی مارکیٹ ملیر کے صدر جناب رمضان ، بی مارکیٹ کھوکھرا پار ملیر کے صدر جنا ب جیلانی صاحب کی سربراہی میں تاجروں کے وفود نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور لاک ڈاون کی آڑ میں تاجروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ان سے نمٹنے کیلئے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔
آفاق احمد نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے ہم انکی پشت پر کھڑے ہیں اور تاجروں سے مشاورت مکمل کرکے اٴْن ذیادتیوں سے نمٹنے کیلئے جلد لائحہ عمل تیارکرینگے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں غیر منصفانہ اور لسانیت کی بنیاد پر کئے جانے والے لاک ڈاؤن نے شہر کے مقامی تاجروں کونہ صرف فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے بلکہ منظم سازش کے تحت انہیں انکے روزگار سے بے دخل کرکے اقتدار کے ایوانوں کی طرح تجارتی سیکٹرمیں غیر مقامی افراد کو مسلط کرنے کا جو گھناؤنا کھیل کھیلا جارہا ہے اسے کسی طور کامیاب نہیں ہونے دیاجاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ شہر مہاجروں کا ہے اس شہرکے روزگار، کاروبار ، وسائل اور اختیارات پر سب سے زیادہ حق مقامی افراد کا ہے جن سے ہمیں بے دخل نہیں کیا جاسکتا۔