افغانستان اور چین کے درمیان تجارت کا آغاز ہو گیا،افغان چلغوزوں کی کھیپ چین پہنچ گئی۔

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق چین نے جنگ سے تباہ حال اپنے پڑوسی ملک افغانستان کے گہرے ہوتے معاشی اور انسانی بحران سے نمٹنے میں طالبان حکمرانوں کی مدد کے لیے براہِ راست فضائی تجارتی رابطہ دوبارہ فعال کر دیا ہے۔

چین اور افغانستان کے درمیان فضائی راستے سے تجارت بحال ہوئی ہے اور افغانستان سے بڑی تعداد میں چلغوزے چین برآمد کیے گئے ہیں افغان دارالحکومت کابل سے کام ائیر کا جہاز 45 ٹن چلغوزے لیکر شنگھائی پہنچا ہے۔


طالبان حکومت کے ایک ترجمان بلال کریمی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ چلغوزے کی برآمد کابل اور بیجنگ کے درمیان حالیہ وسیع تر ‘اچھی بات چیت’ کا نتیجہ ہے آنے والے دنوں میں دو طرفہ تجارت کے دیگر شعبوں میں پیش رفت کی توقع ہے ہمیں امید ہے کہ تجارتی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور چین کے ساتھ ہمارے تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گاچلغوزے کی آج ہونے والی برآمد خاص طور پر دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک نئی اور اچھی شروعات کی نشاندہی کرتی ہے۔


کارگو فلائٹ کی روانگی کے بعد کابل میں چین کے سفیر وانگ یو نے ایک ٹوئٹ میں کہا، کہ آج اس سال پائن نٹس کی پہلی پرواز چلغوزے لے کر چین کے لیے روانہ ہوئی۔ چونکہ عالمی ہوائی نقل و حمل ابھی بھی محدود ہے، چین اور افغان نے متعدد مشکلات پر قابو پالیا اور پروازوں کا انتظام کیا، جس سے افغان کسانوں کا مسئلہ حل ہوگا، اور دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے

انہوں نے لکھا کہ چین تمام افغان عوام کے لیے دوستانہ پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے، اس کے علاوہ افغان کو مزید انسانی امداد فراہم کی جائے گی، چینی ایف ایم وانگ یی نے حال ہی میں ملاقات کے دوران اے ڈی پی برادر اور اے ایف ایم متقی کے لیے پروازوں کی تصدیق کی۔ آنے والے مہینوں میں دسیوں ہزار ٹن پائن نٹس چین کو برآمد کیے جائیں گے۔


وانگ یو نے مزید کہا کہ کروڑوں امریکی ڈالر کی اس آمدنی سے بہت سے افغان کسانوں کو فائدہ پہنچے گا یہ چھوٹے چھوٹے چلغوزے افغان عوام کے لیے خوشی اور چینی باشندوں کے لیے اچھا ذائقہ لائیں گے، چلغوزوں کی فضائی تجارت دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا اہم رابطہ ہے۔”

چین افغانستان سے چلغوزوں کے سب سے بڑے درآمد کنندگان میں سے ایک ہے اور اس نے نومبر 2018 میں فضائی ذریعے سے تجارت کا آغاز کیا تھا گزشتہ دنوں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان اور چینی وزرائے خارجہ نے ملاقات کی تھی جس میں افغان وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو چلغوزوں کا تحفہ پیش کیا تھا۔اس ملاقات کے بعد اب چین اور افغانستان کے درمیان تجارت بھی شروع ہوگئی ہے۔

Shares: