افغان صدر کی شہباز شریف سے ملاقات، مسلم لیگ ن کے ترقیاتی منصوبوں‌ کی تعریف کی

افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کی ہے.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر نے شہباز شریف سے ملاقات کے دوران بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کی. اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ محمد نوازشریف نے خطے کے امن وسلامتی میں اہم کرداراداکیا ہے۔

ملاقات کے دوران اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا افغان صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں شکرگزارہوں کہ آپ نے مصروفیت کے باوجود ملاقات کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدارامن اورخوشحالی ہم سب کا خواب ہے، ہم آپ کوافغان صدرہی نہیں محترم بھائی بھی تصورکرتے ہیں۔

واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور بالخصوص تجارت، سیکورٹی اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ون ٹو ون ملاقات جمعرات کو وزیراعظم ہاﺅس میں ہوئی جس میں انہوں نے مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ سے عبارت برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں رہنماوں نے علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

بعدازاں دونوں رہنماﺅں نے وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت کی جس میں تجارتی، سیاسی، معاشی، سلامتی، امن و مفاہمت، تعلیم و عوامی سطح پر تبادلوں سمیت وسیع تر شعبہ جات کا احاطہ کیا گیا۔

Comments are closed.