عافیہ موومنٹ پاکستان کی کراچی پریس کلب کے صدر پر حملہ کی شدید مذمت

0
71

عافیہ موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما کی جانب سے ایک ٹی وی ٹاک شو میں کراچی پریس کلب کے صدر اور سینئر صحافی امتیاز فاران پر حملہ کی شدید مذمت کی ہے.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان عافیہ موومنٹ نے کہاکہ صحافت ریاست کا ایک اہم ستون ہے۔ پریس کلب کے منتخب عہدیدار صحافی برادری کی نمائندگی کرتے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری معاشرے میں برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوتا ہے اگر حکومت سے وابستہ افراد ہی عدم برداشت کا شکار ہو جائیں تو یہ معاشرے کے لئے تباہ کن رویہ بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت سے وابستہ افراد کی جانب سے عدم برداشت کا رویہ اپنانا انتہائی دکھ اور افسوس کا باعث بنا ہے ۔ عافیہ موومنٹ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ حکومت ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے سنجیدہ کوششیں کرے گی۔عافیہ موومنٹ پی ٹی آئی کے تمام اراکین کو یاددہانی کراتی ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے امریکی قید ناحق میں 5932 دن گذر چکے ہیں جس میں سے 312 دن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں گذرے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر مسرور سیال کی جانب سے کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران کو ایک ٹی وی ٹاک شو کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر ملک بھر کی صحافتی برادری کی جانب سے شدید مذمت کی جارہی ہے جبکہ صحافیوں‌کی طرف سے پی ٹی آئی رہنما کو عہدہ سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے.

Leave a reply