لاہور:(ن) لیگ کو دھچکے پردھچکہ،ایک اورایم این اے نجات حاصل کرکے پاکستان مسلم لیگ قائداعظم میں چلے گئے،اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی اصغر حسین شاہ نے اپنی پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے (ق) لیگ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
تفصیل کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ اور رہنما (ق) لیگ مونس الہیٰ سے (ن) لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی اصغر حسین شاہ نے ملاقات کی۔
مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہونے والی ملاقات میں (ن) لیگ کے سابق ایم این اے نے (ق) لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اصغر حسین شاہ نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالہی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
چودھری پرویز الہیٰ کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے حوالے سے منفی پراپیگنڈہ افسوسناک ہے۔ الحمدللہ افواج پاکستان ہمیشہ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے اعتماد پر پورا اتری ہیں۔ پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ مسلم لیگ قائداعظم آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن کے استعفے نہ دینے اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سینٹ کے انتخابی محاذ کے لئے مشاورت سے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔
چودھری مونس الہیٰ نے کہا کہ دنیا بھر میں بھارت کے منفی عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں۔ بھارت کے گھناؤنے کھیل ان کے اپنے لوگوں کے ہاتھوں سامنے آ رہے ہیں۔ عالمی دنیا نوٹس لے بھارت امن سے کھیلنے کے لیے جھوٹے منصوبے بناتا ہے۔