پشاور: پنجاب،بلوچستان کے بعد اب کے پی میں بھی ن لیگ کا وجود خطرے میں ،اطلاعات کے مطابق پنجاب ، بلوچستان اوراب کے پی سے ایسی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں کہ ن لیگ کا وجود خطرے میںپڑگیا ہے ،
تفصیلات کے مطابق نون لیگ کے پی کے صوبائی سینئر نائب صدر انتخاب چمکنی بھی پارٹی بیانئے کی مخالفت میں کھل کر سامنے آگئے، انتخاب چمکنی نےپندرہ مسلم لیگی رہنماؤں کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیدائشی مسلم لیگی ہیں، پارٹی میں رہ کر اپنی بات کرینگے، بیانیےمیں ترمیم ہوسکتی ہے۔
انتخاب خان چمکنی نے کہا کہ پارٹی قیادت پاکستان کی سالمیت اوربقا کے خلاف بیانات نہ دے، اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارے نظریےکی بنیاد ہے، حالیہ بیانیہ پارٹی کے نظریہ کی نفی ہے، قیادت کا بیانیہ اداروں اور عوام کی شہادتوں کی تذلیل ہے، قیادت کےحالیہ بیانات کا فائدہ بھارت اٹھارہاہے، بے پناہ مسائل میں اداروں کو مضبوط بنانےکی ضرورت ہے۔
پشاور میں ہونے والی نیوز کانفرنس میں ن لیگ کے پی کےنائب صدر فضل اللہ داؤد زئی، نائب صدر ن لیگ کےپی مجیب خان، آرگنائزر عظمت خان، ضلعی صدر ن لیگ ذکااللہ ، ویمن ونگ کی نائب صدریاسمین بیگم اور ن لیگ ویمن ونگ کی سیکریٹری اطلاعات رابعہ سعید بھی موجود تھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن صوبہ بلوچستان کے صدر عبدالقادر نے مسلم لیگ ن اور نوازشریف کی جانب سے اپنائے جانے والے بیانیے پر پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔