اگر پی ڈی ایم نے کراچی کی سرزمین پر پیپلزپارٹی کے ظلم کیخلاف آواز بلند نہیں کی تو کراچی والے بھرپور جواب دینگے، مصطفی کمال

0
38

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اگر پی ڈی ایم نے کراچی کی سرزمین پر پیپلزپارٹی کے ظلم کیخلاف آواز بلند نہیں کی تو کراچی والے بھرپور جواب دیں گے۔ شہباز شریف، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کے سندھ پر بالعموم اور کراچی حیدرآباد پر بالخصوص مظالم کے خلاف آواز نہیں اٹھائی تو واضح ہو جائے گا کہ پی ڈی ایم کا مقصد صرف اقتدار ہے عوام نہیں ہے۔
29 اگست کو پی ڈی ایم قیادت نے پیپلز پارٹی کے ظلم کیخلاف آواز بلند نہیں کی تو پی ایس پی پہلے کی طرح ایک بار پھر عین اسی جگہ جہاں پی ڈی ایم کی 11 جماعتیں جلسہ کریں گی وہاں اکیلے دوبارہ کراچی والوں کی جانب سے پہلے سے بڑا جلسہ منعقد کرے گی۔
کراچی کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، غیر منتخب ایڈمنسٹریٹر مسلط کرکہ کراچی کی ملکیتوں کو زرداری کی ملکیتوں میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

کراچی میں کورونا وائرس ٹائم ٹیبل کے تحت حملہ کرتا ہے۔ پورے شہر کے صنعتکار اور تاجر ہم سے رابطے میں ہیں اور بھرپور تعاون کی پیشکش کر رہے ہیں۔ کراچی کی تاجر برادری کو نامساعد حالات میں کاروبار کرنے اور لوگوں کے گھروں کے چولہے جلائے رکھنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برنس روڈ پر فریسکو چوک پر آل سندھ تاجر اتحاد کی دعوت پر جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین ڈاکٹر ارشد وہرا اور بزنس فورم کے صدر قمر آختر نقوی بھی موجود تھے۔ سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ علامتی آزادی کا جشن کیسے منایا جائے جب 74 سال بعد بھی ظالم حکمران قوم کو پینے کا پانی، ادویات، تعلیم، روزگار، ٹرانسپورٹ دینے کو تیار نہیں۔ جس مقصد کے حصول کے لیے ہمارے آبا اجداد نے قربانیاں دیں تھی وہ مقاصد آج تک حاصل نہیں ہوئے۔
آزادی سے پہلے مساجد یا امام بارگاہوں پر نہیں بلکہ عوام کے حقوق پر پابندی تھی۔ ہمارے پرکھوں نے قربانیاں اس لیے نہیں دیں تھیں کہ ملک کو زرداریوں کی جاگیر بنا دیا جائے۔ قوم کو نا آزادی سے پہلے حقوق حاصل تھے اور نا آزادی کے 74 سال بعد حاصل ہیں۔ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ایک اور نسل کو قربانی دینے کے لیے تیاری کرنی ہوگی۔
میں شہباز شریف، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کو آواز دے کر کہتا ہوں کہ کراچی کی سر زمین پر آئیں تو پیپلز پارٹی کے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔ سندھیوں پر پیپلز پارٹی شدید ظلم کررہی ہے لیکن تمام سندھی دانشور اور سیاستدان خاموش ہیں۔ میں اپنے سندھی بھائیوں سے کہتا ہوں کہ پاک سر زمین پارٹی ظلم کیخلاف کسی صورت خاموش نہیں رہے گی۔ ہم ظالم کے ظلم کیخلاف بند باندھیں گے یا مرجائیں گے لیکن قوم کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

Leave a reply