پشاور: باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے تربیت یافتہ کتوں کی مدد لی جا رہی ہے تعینات پاک فوج کے تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں نے کرونا کے 14 مریضوں کی نشاندہی کردی ہے-
باغی ٹی وی: تفصیلات کے مطابق پشاور میں قائم باچا خان ایئرپورٹ پر پاک فوج کے تربیتِ یافتہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں کی جانچ کا عمل جاری ہے۔
شارجہ سے نجی پرواز کے ذریعے 166 مسافر پشاور پہنچے، جہاں پر کتوں کی مدد سے اُن کی جانچ کی گئی ان مسافروں میں سے چودہ کی نشاندہی کتوں نے کی، جن کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے تو ان کی رپورٹ پازیٹیو آئی۔
یاد رہے کہ بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں میں کرونا تشخیص پشاور ایئرپورٹ پر 24 مئی کو کتے تعینات کیے گئے، جنہوں نے پہلے ہی روز 1 مریض کی نشاندہی کی تھی، بعد ازاں 26 مئی کو ان کتوں نے مزید پانچ مسافروں میں وائرس کی نشاندہی کی تھی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق اب تک ان کتوں نے 20 مسافروں میں کرونا کی نشاندہی کی ہے، جن کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے، تمام مسافروں کو رپورٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے نمائندہ وفد نے بھی پشاور میں باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا جہاں وفد نے ائیرپورٹ پر پہنچنے والی دو پروازوں کے مسافروں کے طبی معائنے کی خود نگرانی بھی کی جب کہ ائیرپورٹ پر تربیت یافتہ کتوں کے عملی طور سویب ٹیسٹ کی جانچ کے عمل کو دیکھا۔
اس موقع پر وفد کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرون ملک سے پشاور پہنچنے والے مسافروں کے ریپڈ اینٹیجنٹ ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔
ائیر پورٹ مینیجر عبیداللہ عباسی کے مطابق وفد نے پشاور ائیرپورٹ پر کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ باچا خان ائیر پورٹ پرمسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے تربیت یافتہ کتوں کی مدد لی جا رہی ہے-
بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے سویب ٹیسٹ کر کے مخصوص مقام پر رکھے جاتے ہیں، جہاں تربیتِ یافتہ کتے اُن کی نشاندہی کرتے ہیں سویب ٹیسٹ سونگھنے کے بعد کتا اگر بیٹھ جائے تومسافرکو کورونا مثبت قراردیا جاتا ہے-








