فیصل آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ کا نیا رن وے آئندہ سال میں مکمل ہوگا

0
79

فیصل آباد (عثمان صادق) فیصل آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ جھنگ روڈ کا نیا رن وے آئندہ سال اگست میں مکمل ہو جائے گا۔ جس کے ساتھ ہی بڑے جہازوں کی لینڈنگ سے براہ راست بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر شاہد حسین سے ایک ملاقات کے دوران بتائی۔جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فیصل آباد چیمبر کا دورہ کیا اور عاطف منیر شیخ کو نیا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کی مستقبل کی ہوائی سفر کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے چینی سرمایہ کاروں کے تعاون سے چک جھمرہ کے نزدیک نیا سویلین ائیر پورٹ بنانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی چینی کمپنیاں پہلے سے ہی ایم تھری اور علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹس میں اپنے یونٹ چلا رہی ہیں جبکہ مزید کئی کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔ اسی طرح یورپ اور ترکی کے صنعتکار بھی یہاں اپنے یونٹ قائم کر رہے ہیں جو 2024ء تک آپریشنل ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی سرمایہ کاری میں بڑا حصہ چینی کمپنیوں کا ہے جن کو یہاں آنے جانے کیلئے ہوائی سفر کی ضرورت ہو گی۔ عاطف منیر نے مزید بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ میں چنگ ڈو سٹی بھی قائم کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ آنے والے صرف چند سالوں میں فیصل آباد سے چین کیلئے فضائی سفر کرنے والوں کی ٹریفک میں زبردست اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے چینی سرمایہ کاروں کیلئے نئے ائیر پورٹ کی تعمیر بھی انتہائی منافع بخش ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چین اس وقت فیصل آباد کیلئے اپنی فضائی سروس شروع کرنے کا بھی جائزہ لے رہا ہے اور جب یہ دونوں صنعتی علاقے مکمل طور پر آباد ہو جائیں گے تو چینی باشندوں کیلئے سفر کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے پاک چین مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سے اپنی حالیہ ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ وہ بھی چینی سرمایہ کاروں کو فیصل آباد میں ائیر پورٹ کی تعمیر کیلئے ترغیب دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ کے ساتھ 400ایکڑ سرکاری اراضی کو اس مقصد کیلئے مختص کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں حائل روکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جا رہا ہے۔ موجودہ ائیر پورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس کا نیا رن وے زیر تعمیر ہے جو آئندہ سال اگست تک مکمل ہو گا اور اس پر بڑے جہاز بھی اتر سکیں گے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ فیصل آباد سے برطانیہ کیلئے براہ راست پرواز انتہائی قابل عمل ہو گی کیونکہ اس خطے کے لوگوں کی بہت بڑی تعداد باقاعدگی سے برطانیہ آتی اور جاتی ہے۔ لیکن پی آئی اے صرف رن وے کی وجہ سے یہاں سے پروازوں کا سلسلہ شروع نہیں کر رہا۔ صدر کو بتایا گیا کہ نئے رن وے کی تکمیل کے ساتھ ہی فیصل آباد سے کراچی تک کارگو کی موجودہ ڈیڑھ ٹن کی کیپسٹی کو 14 سے 15ٹن تک بڑھایا جا سکے گا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر شاہد حسین نے عاطف منیر شیخ کو پی آئی اے کا نشان بھی پیش کیا۔

Leave a reply