حافظ فرحت عباس فارغ، علی سلمان صدیق کو ٹیوٹا کا نیا چیئرمین تعینات کر دیا گیا

0
66

ٹیوٹا کے سابق چیئرمین حافظ فرحت عباس کے استعفیٰ‌ کے بعد علی سلمان صدیق کو ٹیوٹا کا نیا چیئرمین تعینات کر دیا گیا ہے، حافظ فرحت عباس نے چند دن قبل اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد اب علی سلمان صدیق کی تعینات کی گئی ہے،

باغی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق علی سلمان صدیق پاکستان کے معروف بیوروکریٹ سلمان صدیق کے صاحبزادے ہیں‌ جو پنجاب کے چیف سیکرٹری بھی رہے ہیں‌ اور پینتیس سال تک مختلف عہدوں‌ پر تعینات رہے ہیں. ٹیوٹا کا کہنا ہے کہ علی سلمان صدیق نئے چیئرمین کے طور پر بہتر خدمات سرانجام دے سکتے ہیں،

واضح رہے کہ ٹیوٹا پنجاب کے چیئرمین حافظ فرحت عباس نے چند دن قبل اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھجوادیا تھا۔ حافظ فرحت عباس نے چار ماہ قبل اپریل میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔ ان کی تقرری پر پارٹی کے اندرونی حلقوں میں بھی تنقید ہو ئی تھی، اس حوالہ سے ایک شہری آمنہ ملک نے درخواست دائر کی جس میں ٹیوٹا چیئرمین کی تعلیمی قابلیت، اس کے انتخاب کے طریقہ کار اور میرٹ کے حوالہ سے سوالات اٹھائے گئے تھے، درخواست میں کہا گیا تھا کہ حافظ فرحت تعلیمی اہلیت پر بھی پورا نہیں اترتے اور ان کی تقرری سپریم کورٹ کے فیصلہ کی بھی خلاف ورزی ہے، آمنہ ملک نے ان امیدواروں کی تعداد بھی پوچھی ہے جن پر غور کیا گیا اور جانچ پڑتال کی گئی،

واضح رہے کہ حافظ فرحت عباس پہلے اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم تھے اور بعدازاں وہ تحریک انصاف میں شامل ہو گئے تھے، حافظ فرحت عباس نے پی پی 155لاہور سے 2013کے عام انتخابات سے الیکشن لڑا تھا لیکن کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔

Leave a reply