عالمی شہرت یافتہ اداکار و گلوکار علی ظفر کی جانب سے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف دائر کئے گئے ہتک عزت کے کیس کی گزشتہ روز 10 فروری کو ہونے والی سماعت میں اداکارہ عفت عمر پیش نہ ہوسکیں۔
باغی ٹی وی : ہتک عزت کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج امتیاز علی کی سربراہی میں ہوئی جس میں عفت عمر بطور گواہ پیش نہ ہوسکیں اور ان کے وکلا نے عدالت میں ان کے پیش نہ ہوپانے پر عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرادی۔
عفت عمر کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ اداکارہ ضروری کام کے سلسلے میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہیں جس وجہ سے وہ آج سماعت میں پیش نہ ہوسکیں اور ان کے پیش نہ ہوپانے پر ان کی حاضری اسے استثنیٰ کی درخواست قبول کریں۔
عدالت نے عفت عمر کی جانب سے دائر کردہ درخواست قبول کرلی تاہم اداکارہ کو آئندہ سماعت پر 17 فروری تک پیش ہونے کا حکم دیا۔
عدالت نے گزشتہ سماعت میں ہی علی ظفر کے وکلا کو ہدایت کی تھی کہ وہ عفت عمر سے اگلی سماعت تک جرح مکمل کریں اور عدالت نے انہیں ابتدائی طور پر یکم فروری کو طلب کیا تھا۔
عفت عمر جرح مکمل کروانے کے لیے 10 فروری کو ہونے والی سماعت میں بھی پیش نہ ہوسکیں اور اب عدالت نے علی ظفر کے وکلا کو اگلی سماعت تک اداکارہ سے جرح مکمل کرنے کی ہدایت کردی-