پاکستان کی سینئر اداکارہ سکینہ سموں گلوکار علی ظفر اور ریشم کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دینے پر پھٹ پڑیں۔
باغی ٹی وی : 23 مارچ 2021 یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے شوبز، تعلیم، سماجی خدمات اور طب سمیت متعدد شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی متعدد شخصیات کو سول ایوارڈز سے نوازا۔ شوبز انڈسٹری میں ہمایوں سعید، اداکارہ ریشم، سکینہ سموں اور گلوکار علی ظفر کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جب کہ اداکارہ بشریٰ انصاری اور زیبا شہناز نے ستارہ امتیاز کا اعزاز وصول کیا۔ عابدہ پروین کو نشان امتیاز دیا گیا۔
اداکارہ سکینہ سموں نے نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدارتی ایوارڈ سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس مقام تک پہنچنے میں 40 سال کا عرصہ لگا افسوس کی بات ہے کہ حکومت نے علی ظفر اور ریشم جیسے لوگوں کو اتنے بڑے اعزاز سے نوازا جو میرے خیال میں واقعی اس کے مستحق نہیں تاہم سکینہ سموں بشریٰ انصاری کو ایوارڈ دئیے جانے پر خوش ہیں۔ لیکن ان کا خیال ہے اب وقت آگیا ہے کہ تجربہ کار اداکارہ عظمیٰ گیلانی کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے خدمات کو بھی پہچانا جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ اگر خواتین نے ملک کی خدمت کی ہو تو حکومت کو کوئی بھی شے انہیں سراہنے سے نہیں روک سکتی ۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کا انتخاب تیزی سے سادہ اور آسان ہوتا جارہا ہے جس کے نتیجے میں متعدد ایسی شخصیات جو اپنا تمام تر کیرئیر وقف کرچکی ہیں انہیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ یوم پاکستان 23 مارچ کے روزایوان صدر اور چاروں صوبوں کے گورنر ہاوسز میں اعزازات کی تقسیم کے لیے تقاریب منعقد کی گئیں جن میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور صوبائی گورنروں نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر گزشتہ سال نامزد ہونے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا جن میں ادکاروں، فن کاروں اور فن و ادب س تعلق رکھنے والوں کی نمایاں تعداد شامل ہے۔
ان تقاریب میں 23 شخصیات کو ستارہ شجاعت، 8 کو ستارہ امتیاز، 21 کو تمغہ شجاعت، 8 کے لیے تمغہ امتیاز، 6 کو نشان امتیاز، 3 کو ہلال امتیاز، ایک کے لیے ہلال قائد اعظم، ایک کو ستارہ پاکستان، 6 کو ستارہ قائد اعظم، ایک کو تمغہ پاکستان، ایک کو تمغہ قائد اعظم جبکہ 14 شخصیات کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔