عالیہ بھٹ اورسنجے لیلا بھنسالی پروڈکشن کے خلاف مقدمہ درج
بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی نئی آنے والی فلم گنگو بائی کاٹھیا واڑی کی ریلیز مشکل میں پھنس گئی-
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گنگو بائی کے بیٹے بابوجی راؤجی شاہ نے بھنسالی پروڈکشن تلے بننے والی فلم گنگو بائی کاٹھیا واڑی میں مرکزی کردار ادا کرنے والی عالیہ بھٹ اورسنجے لیلا بھنسالی پروڈکشن کے خلاف مقدمہ درج کروا کر فلم کی ریلیز کو مشکل میں ڈال دیا۔
فلم گنگوبائی کاٹھیا واڑی کی کہانی ایس حسین زیدی اور جین بورگیس کے تحریر کردہ ناول ’مافیا کوئنز آف ممبئی‘ سے لی گئی ہے بابوجی راؤجی شاہ نے ناول کے لکھاری حسین زیدی کے خلاف بھی مقدمہ درج کروا دیا ہے۔
بھارتی اخبار کے مطابق گنگو بائی کے بیٹے بابوجی راؤجی شاہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ناول کے کچھ حصے ان کے حق رازداری، عزت نفس اور حق آزادی کی خلاف ورزی اور ہتک عزت پر مبنی ہیں۔
مقدمے میں مدعی نے ناول مافیا کوئنز آف ممبئی میں گنگوبائی کی زندگی سے متعلق اسباق کو ڈیلیٹ کرنے ناول کی اشاعت و تقسیم پر مکمل پابندی لگانے اور اس ناول پر مبنی فلم گنگو جی کاٹھیا واڑی کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بابوجی کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل آئندہ ہفتے مُدعا علیہ کے خلاف ہتک عزت، خواتین کی غلط عکاسی، فحش اور غیر مہذب مواد کی تقسیم کے خلاف مجرمانہ شکایت بھی درج کر سکتے ہیں۔
گزشتہ ہفتے بمبئی کی سول عدالت میں مقدمے کی پہلی سماعت ہوئی جس میں مدعا علیہان کو اپنے اوپر لگائے گئے الزامات سے متعلق جواب 7 جنوری تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم گنگوبائی 1960ءکی دہائی میں ممبئی کے کماٹھی پورا میں غیر قانونی کام کرنے والی خاتون گنگو بائی کی زندگی پر مبنی ہے۔