حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ وہ مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’الف‘ جیسے مذہب سے متعلق فلمیں دستاویزی فلم اور ڈرامے بنائیں گے
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حمزہ علی عباسی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ وہ مستقبل میں ڈرامہ سیریل ’الف‘ کی طرح کی فلمیں اور ڈرامے وغیرہ بنائیں گے
حمزہ علی عباسی نے وہاں موجود لوگوں سے پوچھا کہ آپ میں سے کتنے لوگ ڈرامہ سیریل ’الف‘ دیکھ رہے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں بہت سے لوگوں نے ہاتھ اٹھایا جس پر حمزہ علی عباسی مسکرائے اور کہا کہ مجھے لگ رہا تھا کہ صرف 3 سے 4 ہی لوگ ہاتھ اٹھائیں گے
حمزہ علی عباسی نے کہا کہ دراصل ’الف‘ ہی میرا پہلا قدم ہے کہ جس نے مجھے مذہبی مواد بنانے پر مجبور کیا ’الف میرا پہلا پروجیکٹ ہے جو میں نے اس لیےکیا کیونکہ اس میں اللہ کا پیغام ہے
انہوں نے کہا کہ میں اپنی خدمات اس طرح کے مواد بنانے میں سر انجام دینا چاہتا ہوں کیونکہ فلمسازی اور سینما گرافی وغیرہ بھی میڈیا کا ایک حصہ ہے اور میں اس کے ذریعے انشاء اللہ اللہ کا پیغام لوگوں تک پہنچاؤں گا
انہوں نے کہا کہ آج کے دور کا سب سے طاقتور ہتھیار میڈیا ہے اور ہم اس کو استعمال کرتے ہوئے مذہبی مواد پر مختصر فلم، دستاویزی فلم اور ڈرامے وغیرہ بنا سکتے ہیں
واضح رہے کہ حمزہ علی عباسی نے گذشتہ سال اداکاری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ فلمسازی اور پروڈکشن وغیرہ کریں گے لیکن اداکاری نہیں کریں گے جبکہ وہ ابھی جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں قلب مومن کا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں