علامہ اقبال ایکسپریس آتشزدگی،انکشافات سے بھری فرانزک رپورٹ منظرعام پرآ گئی
لاہور:علامہ اقبال ایکسپریس آتشزدگی،انکشافات سے بھری فرانزک رپورٹ منظرعام پرآ گئی،اطلاعات کے مطابق وزیرآبادمیں علامہ اقبال ایکسپریس میں آتشزدگی کا واقعہ، پنجاب فرانزک رپورٹ منظرعام پرآ گئی، فرانزک ایجنسی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی، رپورٹ ریلوے ہیڈکوارٹر جمع کرا دی گئی۔
ذرائع کےمطابق 4جون کو وزیر آباد ریلوے سٹیشن کےقریب ٹرین میں اچانک آگ بھڑکنےکی وجوہات سامنے نہ آسکیں، فرانزک رپورٹ کے مطابق آگ کےباعث 3 بوگیاں متاثر ہوئیں،جن میں سےدومکمل جل کرخاکستر ہوگئیں، کرائم سین یونٹ گوجرانوالہ کی جانب سےٹرین سے شواہد اکھٹے کیے گئے،متاثرہ تینوں بوگیوں کے مختلف حصوں سے 249تصاویر کو بطور شواہد لیا گیا، جائے وقوعہ سے لیے گئےشواہد میں آتشگیر مواد نہیں ملا۔
رپورٹ کے مطابق حادثے میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کی وجہ بھی سامنے نہیں آسکی، ٹرین کی پاور آن ہونے سےشارٹ سرکٹ آگ کا باعث ہو سکتی ہے، ذرائع کے مطابق حتمی رپورٹ لاہور ریلوے ہیڈکوارٹر کی جانب سے ڈپٹی افسران کی تشکیل شدہ انکوائری کمیٹی جاری کرے گی۔
یاد رہے 4 جون کو لاہور سے سیالکوٹ جانے والی ٹرین علامہ اقبال ایکسپریس میں وزیرآباد کے مقام پر آگ لگ گئی تھی، ریسکیو کی جانب سے ایک گھنٹہ پنتالیس منٹ بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، دو بوگیاں جل کر خاکستر جبکہ خوش قسمتی سے کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔