کراچی پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ نیتن یاہو دنیا کو تیسری جنگ عظیم کی طرف دھکیل رہا ہے۔ اسرائیل انتہا پسند اور دہشت گرد ملک ہے۔ دنیا ساتھ دے نہ دے مسلم امہ متحد ہو کر اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے۔ فلسطین،کشمیر اور برما سمیت تمام ایشوز پر شتر مرغ کی طرح منہ چھپانے سے کچھ نہیں ہوگا۔

آج یہ ممالک درندگی کا شکار ہیں کل ہماری باری ہوگی۔ قبلہ اول اور مسلمان بھائی بہنوں کی زندگی کی حفاظت ہمارا دینی فریضہ ہے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی نے بری طرح مایوس کیا ہے۔ اقوام متحدہ، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف جیسے ادارے طاقتور ممالک کے ساتھ مشکل پیش آنے پر فوری اجلاس بلاتے اور قراردادیں پاس کرتے ہیں لیکن دنیا کے چھوٹے ممالک اور مسلمان ملکوں کے ساتھ کسی طاقتور ملک کی جانب سے کی جانے والی زیادتی پر ویٹو پاور کا ظالمانہ استعمال کرتے ہیں۔

مسلم حکمرانوں کو بھی اب ہوش آجانا چاہئیے۔ پاکستانی عوام مشکل وقت میں فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہے۔ کیا مسلم ممالک کی پینتیس لاکھافواج مل کر یہودیوں کو اس ظلم و بربریت سے نہیں روک سکتیں؟ پچپن اسلامی ممالک غیرت ایمانی کا مظاہرہ کریں اور متحد ہو کر اسرائیل کے خلاف جرات مندانہ اقدامات کا اعلان کریں۔ مظلوم فلسطینی عوام کی بھرپور مدد کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ مسلمان ممالک اسلحہ اور دوائیوں سے فلسطین کی مدد کریں ۔

Shares: