نو منتخب امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کلبھوشن کے حوالے سے عالمی عدالت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی عدالت نے بھارتی جاسوس کلبھوشن کی بریت کی درخواست کو مسترد کرکے مہر ثبت کردی ہے کہ وہ انڈین جاسوس ہے اور پاکستان میں اپنی مذموم سرگرمیوںمیں مصروف تھا۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کلبھوشن نے اس بات کا اعتراف خودکیا تھا کہ وہ انڈین نیوی کا حاضر سروس افسر ہے۔ آج ہندوستان کوساری دنیا میں ہزیمت کا سامناکرناپڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا ہے کہ بھارت سوچی سمجھی ساز ش کے تحت پاکستان میں جارحیت کا ارتکاب کررہا ہے۔ وہ ماضی میں بھی پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا اور آج بھی اپنے اوچھے ہتھکنڈوں میں مصروف ہے۔ عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوگئی کہ بھارتی جاسوس تخریبی کارروائیوں میں مصروف تھا۔ جنوبی ایشیا میں بھارت طاقت کا توازن بگاڑ کراپنی بالادستی کا خواب دیکھ رہا ہے، اس کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ عالمی برادری کے سامنے بھار ت کا چہرہ کھل کر سامنے آگیا ہے۔ حکومت پاکستان بھارت کی انتہا پسندی ،ظلم و بربریت اور کشمیر میں ہونے والے مظالم کو ساری دنیا کے سامنے اجاگر کرے۔ بلوچستان میں حالات خراب کرکے بھارت پاکستان کو اندرونی طور پر غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔