امریکی صدر کا ایک بار پھر ایران کو انتباہ

ڈونلڈ ٹرمپ نےایران کو افزودہ یورینیم کی مقررہ حد پار تجاوز کرنے پر ایک مرتبہ پھر انتباہ جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ احتیاط کا مظاہرہ کرے۔

باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایران کو پھر سے متنبہ کرتے ہوئے انھوں نے منگل کے روزوائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایران بہت سے غلط کام کررہا ہے،ان ( ایرانیوں) کے لیے بہتر یہ ہوگا کہ وہ بہت زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کریں‘‘۔

صدر ٹرمپ نے اختتام ہفتہ پربھی نیوجرسی میں ایران کے لیے اسی قسم کا انتباہ جاری کیا تھا۔ان کے اس بیان سے ایک روز قبل ہی ویانا میں قائم جوہری توانائی کے عالمی ادارے (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے 2015ء میں چھے عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے اور اس نے مقررہ حد سے زیادہ سطح پر یورینیم کو افزودہ کرنا شروع کردیاہے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں امریکہ نے ایران کی طرف سے امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی صورت میں‌ ایران کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی بھی دھمکی دی تھی. ادھر ایران نے بھی امریکی دھمکیوں‌ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کا طرز عمل بے وقوفانہ اور عقل سے عاری ہے. ایران کی طرف سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر ان کی حدود کی خلاف وری کا سلسلہ بند نہ ہوا تو وہ مزید ڈرون گرانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں

Comments are closed.