رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعامر لیاقت کے انتقال کے بعد ان کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کی والدہ نے ان کی جائیداد سے متعلق بڑا انکشاف کر دیا.
نجی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں دانیہ کی والدہ نے سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی جائیداد سے متعلق کی جانے والی باتوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی دانیہ سے خلع کا کیس دائر کیا تھا اور وہ جج کے پاس پہنچا بھی نہیں تھا کہ عامر لیاقت وفات پاگئے،انہوں نے کہا کہ دانیہ اب عامر لیاقت کی بیوہ ہے۔
دانیہ کی والدہ نے کہا کہ ہمیں عامر لیاقت کی جائیداد کا کوئی لالچ نہیں ہے، ہم شادی سے پہلے بھی اسی گھر میں رہتےتھے اوردانیہ کی ڈاکٹر عامر لیاقت سے شادی کے بعد بھی اسی گھر میں ہیں، نا کہ عامر لیاقت کے دیے گئے بنگلوں میں رہائش پذیر ہیں۔
دانیہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت نے اپنی زندگی میں کئی بار کہا تھا کہ وہ اپنی پہلی دو بیگمات اور بچوں کو ان کا حصہ ادا کرچکے ہیں ،اوراب جو کچھ بھی ہے وہ دانیہ کا ہے، عامر لیاقت اپنی زندگی میں یہ بات کہہ چکے ہیں کہ دانیہ ملک اب میری بیوی ہے، میں اپنی ساری جائیداد اب اسے ہی دوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے عدالت میں عامر لیاقت سے کسی قسم کی جائیداد کا دعویٰ نہیں کیا ، بس تنسیخِ نکاح کا دعویٰ کیا تھا، اس پر فیصلہ ہونے سے قبل ہی عامر لیاقت فوت ہوگئے لہٰذا اسے خلع نہیں صلح ہی کہیں گےاور اب دانیہ ملک ،عامر لیاقت حسین کی بیوہ ہے۔
یاد رہے کہ دانیہ ملک نے انسٹااسٹوری پر بتایا تھا کہ اپنے شوہر عامر لیاقت حسین کی وفات کے بعد عدت میں ہیں۔








