امریکی شہری نفرت آمیز اور اشتعال انگیز تقاریر کو مسترد کردیں ، شہزادہ ہیری
امریکی شہری نفرت آمیز اور اشتعال انگیز تقاریر کو مسترد کردیں ، شہزادہ ہیری
برطانوی شہزادہ ہیری نے امریکی انتخابات سے قبل امریکی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ نفرت آمیز اور اشتعال انگیز تقاریر کو مسترد کردیں اور نومبر انتخابات میں ووٹ ضرور دیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادہ ہیری نے گزشتہ روز اپنی اہلیہ میگھن مارکل کے ہمراہ ایک ٹی وی پروگرام میں کہا کہ امریکی انتخابات کی آمد آمد ہے اور اس وقت ہم نے نفرت آمیز اور اشتعال انگیز تقاریر، گمراہ کن معلومات اور آن لائن منفی پروپیگنڈا کو مسترد کرنا ہے اور اس حوالے سے سمجھداری کا مظاہرہ کرنا ہو گا
کیونکہ جب کئی بار برائی اچھائی پر غالب آجاتی ہے چاہے ہم اس بات کو تسلیم کریں یا نہ کریں تو ہم اپنی سوچنے سمجھنے کی صلاحیتیں کھو دیتے ہیں اور اس کے اثرات ظاہری طور پر واضح دکھائی دیتے ہیں لہذا یہ وقت سمجھداری سے عملدرآمد کرنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انتخابات میں ووٹ نہیں دے رہے کیونکہ وہ امریکی شہری نہیں ہیں اور انہوں نے برطانیہ میں کبھی بھی ووٹ نہیں دیا۔
برطانوی جوڑے کے ترجمان نے کہا کہ اس بیان کو کسی خاص انتخابی امیدوار یا سیاسی جماعت کے حوالے سے منسوب نہ کیا جائے بلکہ اس کا مطلب شائستگی ہے۔ واضح رہے کہ برطانوی شاہی خاندان کے ممبران روایتی طور پر ووٹ نہیں دیتے اور ملکہ برطانیہ سیاسی طور پر غیرجانبدار ہوتی ہیں اگرچہ برطانوی قانون میں شاہی خاندان کو ووٹ ڈالنے پر پابندی عائد نہیں ہے لیکن ان کے لئے ایسا کرنا غیر آئینی سمجھا جاتا ہے۔