اے این ایف نے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایک مسافر کے پیٹ سے ہیروئن بھرے 100 کیپسول برآمد کرلیے گئے۔ حکام کے مطابق ملزم پشاور ائرپورٹ سےپرواز نمبر PA-612 کے ذریعے سفر کر رہا تھا۔ ایک دوسری کارروائی کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر کی گئی، جس میں محمد رفیق نامی ملزم سے 5 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اے این ایف کی جانب سے تیسری کارروائی اسلام آباد میں واقع بین الاقوامی کوریئر کمپنی کے دفتر میں کی گئی، جہاں سے ناروے بھیجے جانے والے پارسل میں موجود میز کورز میں جذب شدہ 0.910 گرام آئس پکڑی گئی۔
علاوہ ازیں جی ٹی روڈ جہلم کے قریب پک اپ سے 2.400 کلوگرام افیون اور 43.200 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ دریں اثنا اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب آلٹو کار کے سی این جی سلنڈر سے 24 کلو گرام منشیات برآمد کرکے کار میں سوار 2 مُلزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام کے مطابق مختلف شہروں میں ہونے والی کاروائیوں کے دوران 6 گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
واضحرہے کہ گزشتہ دنوں ائیر پورٹس سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافر سے منشیات برآمد کرکے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔ اے ایس ایف کے عملے نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے قبضے سے اعلیٰ کوالٹی کی 1.160 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی گئی.
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق مسافر امجد علی دوحا جانے کے لیے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا تھا، مسافر نے ہیروئن دستی بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔ اے ایس ایف حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔