بالی وڈ اداکار انیل کپور اپنے ساتھی اداکاروں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر شوٹنگ چھوڑ کر ممبئی واپس آگئے۔

باغی ٹی وی :بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انیل کپور اپنی نئی آنے والی فلم ’جُگ جُگ جیو‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں چندی گڑھ گئے ہوئے تھے جہاں اداکار سمیت اُن کے ساتھی اداکاروں کا کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا۔

ہدایت کار راج مہتہ کی فلم’جُگ جُگ جیو‘ کی شوٹنگ میں شریک بالی وڈ کی ماضی کی معروف ہیروئن اور آنجہانی رشی کپور کی بیوہ اداکارہ نیتو سنگھ کپور اور ورون دھون کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ انیل کپور کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے۔

ساتھی اداکاروں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد انیل کپور واپس ممبئی آگئے ہیں جبکہ اُن کی ممبئی ائیرپورٹ پر پہنچنے کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں

بالی وڈ اداکار نے ممبئی پہنچنے پر ہاتھ کے اشارے سے مداحوں کو بتایا کہ خوش قسمتی سے وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

یاد رہے کہ فلم جُگ جُگ جیو کی پروڈکشن گزشتہ ماہ سے جاری تھی لیکن اس معاملے کے بعد اس فلم کی شوٹنگ اب ان اداکاروں کی صحت یابی تک ملتوی کردی گئی ہے۔

Shares: