عارف نظامی کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پورا نہیں ہوسکے گا، کرنل مختار بٹ، مختار عاقل،مبشرمیر، منظر نقوی،آغا مسعود کے جذبات
باغی ٹی وی : کراچی ایڈیٹرز کلب کے صدرمبشر میر، سیکرٹری منظر نقوی ،آغا مسعود حسین کرنل مختار بٹ، مختار عاقل اور دیگر نے سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال کو ایک عہد کے اختتام سے تعبیر کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے سے دلی تعزیتی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں کراچی ایڈیٹرز کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ عارف نظامی ملک میں شعبہ صحافت اور آزادی صحافت کے لیے ایک ستون کی حیثیت رکھتے تھے۔ انہوں نے دی نیشن اور پاکستان ٹوڈے جیسے اخبارات کی بنیاد رکھی اور ملک کی صحافت کو ایک نئے دور سے روشناس کرایا۔
اے پی این ایس اور سی پی این ای کے پلیٹ فارمز سے ان کی پرنٹ انڈسٹری کی بقا کے لیے کی جانے والی جدوجہد تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔انہوں نے کہا کہ عارف نظامی کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پورا نہیں ہوسکے گا۔ کراچی ایڈیٹرز کے عہدیداروں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔