بالی وڈ منشیات کیس: اداکار ارجن رام پال کے گھر این سی بی کا چھاپہ
بالی وڈ منشیات تحقیقات میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار ارجن رام پال کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔
باغی ٹی وی : بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی وڈ منشیات کیس کے تحقیقاتی ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے آج صبح اداکار ارجن رامپال کے گھر چھاپہ مارا گیا جس کے بعد اُن کے گھر کی تلاشی جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بالی وڈ کے پروڈیوسر فیروز کی اہلیہ کو گرفتار کیا گیا تھا کیونکہ انسداد منشیات ایجنسی کے چھاپے کے دوران اُن کے گھر سے مبینہ طور پر 10 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔
این سی بی آفیسر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اہلیہ کی گرفتاری کے بعد پروڈیوسر فیروز کو طلب کیا گیا ہے لیکن وہ ابھی تک پیش نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ این اسی بی کی جانب سے منشیات کیس اُس وقت شروع کیا گیا جب رواں سال سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد منشیات سے متعلق کچھ واٹس ایپ چیٹس منظر عام پر آئیں۔
اس کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے جن بالی وڈ اداکاروں کے خلاف تحقیقات کی تھی اُن میں صف اول اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اُن کی مینیجر کریشمہ پرکاش، کرن جوہر، ریا چکرورتی، سارہ علی خان اور شردھا کپور سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
سوشانت سنگھ خودکشی کیس میں گرفتار ہونے والی ریا چکرورتی نے تحقیقات کے دوران یہ انکشاف کیا تھا کہ سوشانت کی سابقہ گرل فرینڈ سارہ علی خان بھی اُن کے ساتھ مل کر منشیات کا استعمال کرتی تھیں۔
ریا چکرورتی نے بتایا تھا کہ ناصرف وہ بلکہ اداکارہ سارہ علی خان، راکول پریت سنگھ اور سمن کھمباٹا بھی سو2قشانت کے ساتھ مل کر منشیات استعمال کرتے رہے ہیں۔