راولپنڈی :نقیب اللہ کے والد سے کیے وعدے کو نبھائیں گے،آرمی چیف کا نقیب فیملی سے وعدہ ، اطلاعات کےمطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے نقیب اللہ کے والد محمد خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں میجر جنرل آصف غفور نے لکھا ہےکہ نقیب اللہ کے والد محمد خان سے کیے گئے وعدہ کو نبھائیں گےاور انصاف کے تقاضے بھی پورے کیے جائیں گے۔اپنے پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی کہا کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ مقتول نقیب اللّٰہ محسود کے والد محمد خان کینسر کے باعث آج صبح انتقال کر گئے تھے۔خاندانی ذرائع کےمطابق نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان کو کینسر تھا اور کچھ عرصے سے وہ راولپنڈی کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

یاد رہے کہ 13 جنوری 2018 کو ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے نوجوان نقیب اللہ محسود کو دیگر 3 افراد کے ہمراہ مبینہ دہشت گرد قرار دے کر مقابلے میں مار دیا تھا۔نقیب اللہ محسود پر دہشت گرد ہونے کے الزام کو اس کے رشتے داروں نے رد کیا اور بعد میں ایک تفتیشی ٹیم بنی جس نے قتل کی تفتیش کی، جس کے بعد تفتیشی ٹیم نے یہ فیصلہ کیا کہ محسود معصوم تھا اور اسے جعلی پولیس مقابلہ میں قتل کیا گیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ اس موقع پر نقیب اللہ کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج بھی کیا گیا تھا۔بعدازاں 27 سالہ نوجوان نقیب محسود کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس کی تصاویر اور فنکارانہ مصروفیات کے باعث سوشل میڈیا پر خوب بحث بھی ہو ئی تھی۔

Shares: