ایس پی عبدالوہاب کی رپورٹر احمد فراز کو قتل کی دھمکیاں، ارشد انصاری کی شدید مذمت
لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئرنائب صدر جاوید فاروقی ، نائب صدر سلمان قریشی ، سیکرٹری زاہد چوہدری ، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر ، خزانچی زاہد شیروانی اور اراکین گورننگ باڈی نے لاہور پریس کلب کے سینئرکونسل ممبر اور نجی ٹی وی کے سینئرکرائم رپورٹر احمد فراز کو ایس پی انوسٹگیشن عبدالوہاب کی جانب سے سنگین نتائج اور قتل کی دھمکیاں دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدرارشد انصاری نے بتایا ہے کہ نجی ٹی وی کے سینئرکرائم رپورٹر احمد فراز نے ایس پی عائشہ بٹ کی جانب سے ٹویٹ کی خبر چلائی ہے جس کے بعد ایس پی عبدالوہاب نے ڈی آئی جی انوسٹگیشن دفترکے اندر اچانک احمد فراز پرحملہ کیا اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دیں بعدازاں ایس پی عبدالوہاب کی اہلیہ ایس پی عائشہ بٹ نے وکیل کے ذریعے احمد فراز کو نوٹس بھجوا دیا
صدر ارشد انصاری نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو اس واقعہ سے متعدد بار آگاہ کیا گیا لیکن ان کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا جس پر ہم وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایس پی عبدالوہاب کے خلاف قتل اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج کر کے انھیں گرفتار کیا جائے جبکہ ہم ان کی اہلیہ عائشہ بٹ کی جانب سے دیئے گئے نوٹس کا بھی قانونی طور پر جواب دیں گے۔ صدر ارشد انصاری نے کہا کہ اگر 48 گھنٹوں میں ایس پی کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتارنہ کیا گیا تو پولیس کی تمام تقریبات اور کارروائیوں کا بائیکاٹ کیاجائے گا اور صحافیوں کی بڑی تعداد ریلی کی صورت میں وزیراعلی ہاﺅس پہنچے گی جہاں ایس پی کی گرفتاری تک دھرنا دیا جائے گا۔ ارشد انصاری نے کہا کہ صحافیوں کا ایک وفد آج سی سی پی لاہور کو ایس پی عبدالوہاب کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے تحریری درخواست دے گا