اسمبلی ملازمین کو بلاوجہ انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے:چوہدری پرویز الہٰی

0
120

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ بے گناہ اسمبلی ملازمین کو بلاوجہ انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے اسمبلی افسران سے میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس اسمبلی میں دین کا کام ہوا، جہاں ختم نبوت پر پہرا دیا گیا اُسی کا تقدس پامال کیا گیا، یہ سب کروانے والے شہباز شریف اور حمزہ شہباز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے سامنے ان کا مکروہ چہرہ عیاں ہوچکا ہے، اسمبلی کے آئین اور قانون کے تقدس کو پہلی دفعہ پامال کیا گیا، اس سے پارلیمنٹ کی بالادستی بُری طرح متاثر ہوئی جس کی اصلاح سزا کے ساتھ ضروری ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ بے گناہ اسمبلی ملازمین کو بلاوجہ انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان پر چوری اور ڈکیتی کے جھوٹے مقدمے بناکر حراساں کیا جا رہا ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہم اسمبلی کے تقدس کو پامال کرنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔

ادھر الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف اراکین کی نااہلی سے متعلق ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو بدھ کو دن 12 بجے سنایا جائے گا۔

بیرسٹر علی ظفر نے موقف اختیار کیا کہ پارلیمانی پارٹی نے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، آرٹیکل 63 اے میں پارلیمانی پارٹی کی تشریح نہیں کی گئی۔ پارٹی کے ارکان اسمبلی ہی کثرت رائے سے فیصلہ کرتے ہیں، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں عمران خان نے وزارت اعلیٰ کیلئے پرویز الہیٰ کو امیدوار کا اعلان کیا۔ پی ٹی آئی پنجاب اسمبلی کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور چیف وہپ کے بیان حلفی جمع کرائے جا چکے ہیں۔

منحرف اراکین کے وکلا وکیل جاوید ملک اور دیگر نے کہا کہ کاغذات نامزدگی اور جواب الجواب میں عمران خان کے دستخط مختلف ہیں جس سے ان کی بدنیتی ثابت ہوتی ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی خود وزیر اعلیٰ کے امیدوار تھے، وہ کیسے ارکان کے خلاف ریفرنسز بھیج سکتے تھے ؟ پرویز الہیٰ اس کیس میں متاثر فریق تھے، ریکارڈ میں کسی دستاویزات کی اصل کاپی بھی نہیں لگائی گئی، فوٹو کاپی دستاویزات کی قانون کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں، الیکشن کمیشن ریفرنسزخارج کرے۔ الیکشن کمیشن نے سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

Leave a reply