افغانستان امریکی فوجی بیس پرحملہ ، 3 امریکی فوجی ہلاک ، 5 زخمی
کابل: افغانستان امریکی فوجی بیس پرحملہ ، 3 امریکی فوجی ہلاک ، 5 زخمی رپورٹ کے مطابق افغان صوبے ننگر ہار میں امریکی فوجی بیس پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 امریکی فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے، امریکی فوج کے ترجمان کرنل سونی لیگیٹ نے امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔
ترجمان امریکی فوج کرنل سونی لیگیٹ کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کی وردی میں ملبوس اہلکار نے مشین گن سے فائرنگ کی اور براہ راست امریکی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی حملے کی وجوہات کے حوالے سے معلومات اکٹھی کررہے ہیں۔افغان صوبے ننگرہار کے گورنر شاہ محمود میاں خیل کا کہنا ہے کہ واقعے میں 3 افغان کمانڈوز بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان امریکی فوج کرنل سونی لیگیٹ نے کہا کہ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ یہ دانستہ اقدام تھا یا ایک حادثہ، انہوں نے مزید کہا کہ یہ فورسز کے درمیان جھڑپ نہیں تھی، واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔امریکی آرمی کے سیونتھ اسپیشل فورسز گروپ کے مطابق افغانستان میں جنگی آپریشنز کے دوران ان کے کئی سپاہی زخمی اور ہلاک ہوئے ہیں۔