وزیراعظم آزاد کشمیر کا علی امین گنڈا پور پر30کروڑ لے کرسازش کرنے کا الزام

0
39

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا علی امین گنڈا پور پر30کروڑ لے کرسازش کرنے کا الزام سامنے آیا توجوتحقیقات کے بعد مسترد کردیا گیا ہے

تحریک انصاف کے 25 لوگوں نے اپنی ہی جماعت سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔اس حوالے سے گزشتہ روز سردار عبدالقیوم نیازی نے عمران خان کے ساتھ بنی گالہ میں اہم ملاقات بھی کی تھی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان اور سردار عبدالقیوم نیازی کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات خوشگوار نہیں رہی۔

ذرائع کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی نے عمران خان کے سامنے علی امین پر الزام لگایا کہ انہوں نے 30 کروڑ روپے لیکر میرے خلاف تحریک عدم اعتماد کی سازش کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی کے الزامات پر عمران خان حیران رہ گئے اور انہوں نے شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دیدی۔

اب ذرائع سے پتا چلا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کو آگاہ کر دیا گیا تھا کہ شاہ محمود قریسی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی نے ان کے الزامات کو پزیرائی نہیں بخشی

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے عہدے سے استعفے کے بعد پریس کانفرنس کی اور اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کےعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے استعفیٰ دیدیا

سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پارٹی ممبران کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک استعفے کی وجہ ہے، مجھ پر چارج شیٹ میں الزام تک نہ ملا، چلتی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کیوں لائی گئی؟ مجھے معلوم ہوا کہ راتوں رات پیسہ تقسیم ہواہے، چارج شیٹ دی گئی کہ میں نے اپنی پارلیمانی پارٹی کا اعتماد کھو دیا۔

عبدالقیوم نیازی نے مزید کہاکہ عمران خان کی کرپشن اور احتساب کے خلاف جنگ رہی ہے، انتخابات سے دو سال پہلے تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا، انتخابات کے بعد مجھے جماعت کی قیادت نے ہی وزیر اعظم بنایا، وزیر اعظم آزاد کشمیر بنانے پر عمران خان کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کم عرصے میں بہت ترقیاتی منصوبوں پر کام کیے، میں نے پہلے وزیروں کو فارغ کیا اور پھر اپنا راستہ لیا، جمہوری آدمی ہوں اور عمران خان کا ساتھی ہوں ، میں نے اپنا جمہوری فیصلہ لیااور باوقار طریقے سے استعفیٰ دے دیا، پہلے استعفیٰ پارٹی چیئرمین کو بھیجا اور پھر صدر کو بھجوایا۔

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ انہوں نے اپنے خلاف پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے جواب میں مستعفی ہوکر ان ہاؤس تبدیلی میں متحدہ اپوزیشن کو بھی شامل کردیا۔اب عدم اعتماد پر ووٹنگ کی بجائے نئے سرے سے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

12اپریل کو جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی تحریک پر پی ٹی آئی کے25 ارکان کے دستخط موجود تھے جبکہ متبادل وزیراعظم کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے سردار تنویر الیاس کانام تجویز کیا گیا تھا۔

آزاد کشمیر کے عبوری آئین کے آرٹیکل 16 کی ذیلی شق تین کے تحت وزیراعظم آزاد کشمیر کے استعفیٰ کے وقت اسمبلی کا اجلاس جاری ہو تو اسمبلی فوری طور پر نئے قائد ایوان کا انتخاب کرے گی جس کیلئے اسپیکراسمبلی انتخابی شیڈول جاری کریں گے۔

Leave a reply