نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان وفات پا گئے

0
171

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان وفات پا گئے

اعظم خان علیل تھے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے، ترجمان آر ایم آئی نے تصدیق کی ہے کہ اعظم خان کی موت ہو گئی ہے،انہیں گزشتہ شب ہسپتال منتقل کیا گیا تھا،اعظم خان کی وفات کی خبر سن کر خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کے اراکین اور اعظم خان کی فیملی کے ارکان اسپتال پہنچ گئے ہیں،، نگران وزیر اعلی کو معدے کی بیماری لاحق تھی اور آج صبح دس بجے دل کا دورہ پڑنے سے اس دنیا فانی سے رخصت ہوئے، وہ بیماری کے باعث کل ہونے والے کابینہ اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے، اعظم خان ایک اعلی تعلیم یافتہ خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور اعلی عہدوں پر رہ چکے ہیں، اعظم خان کی نماز جنازہ ساڑھے تین بجے انکے آبائی گاؤں چارسدہ میں ادا کی جائے گی

اعظم خان کی بطور نگراں وزیراعلیٰ تقرری کا نوٹی فیکیشن 21 جنوری کو جاری کیا گیا تھا،انکا تعلق چارسدہ سے ہے،محمد اعظم خان صوبے کے چیف سیکرٹری اور 2007.08 میں نگران صوبائی کابینہ کے رکن رہ چکے تھے،وہ سابق انسپکٹر جنرل پولیس، سابق نگران صوبائی وزیر عباس خان کے بھائی، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ کے کزن اور اٹک سے ن لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی خانزادہ تاج کے داماد ہیں جو سابق وزیرداخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کے چچا ہیں۔اعظم خان 80 کے عشرے کے آخر میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا رہے ۔وہ وفاقی سیکرٹری پٹرولیم اور سیکرٹری مذہبی امور کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے پاکستان ٹوبیکو بورڈ خیبر پختونخوا کے چیئرمین کے طور پر بھی کام کیا ہے اور سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کئی نیم سرکاری اداروں کے ساتھ منسلک رہے ۔

اعظم خان کی وفات،نگران وزیراعظم،صدر مملکت،شہبازشریف،آصف زردری و دیگر کا اظہار افسوس
اعظم خان کی وفات پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی گئی ہے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اعظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،صدر مملکت نے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ مرحوم اعظم خان کے ساتھ ملاقاتوں میں اُنہیں ایک شریف النفس انسان پایا ،صدر مملکت نے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی ، صبر جمیل کی دعا کی،صدر مملکت نے مرحوم اعظم خان کیلئے دعائے مغفرت ، بلندی درجات کی دعا بھی کی

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ نگران وزیر اعلی خیبر پختونخواہ اعظم خان کے انتقال کی تکلیف دہ خبر ملی وہ یقینا ایک ایماندار اور نیک انسان تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ آمین

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلی اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ مرحوم اعظم خان نے اہم ترین انتظامی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے نبھایا،مرحوم اعظم خان کے عوام کی خدمت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کے مرحوم نگران وزیراعلی اعظم خان کے بلندی درجات اور لواحقین کے صبرجمیل کی دعا کی.

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ، انہوں نے مرحوم اعظم خان کے صوبے کی عوام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم اور صدمے میں برابر کا شریک ہوں، اسپیکرنے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نگران وزیراعلی خیبر پختون خواہ محمد اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس اور تعزیت کیا اور کہا کہ اعظم خان نے بطور سول سرونٹ ایمانداری اور پروفیشنل ازم خدمات انجام دیں ،وہ ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتے تھے جن کے کئی افراد نے ملک وقوم کی بڑے خلوص سے خدمت کی ،16 ماہ کی مخلوط حکومت کے دوران ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، ان کا جذبہ خدمت دیکھ کر بہت متاثر ہوا،سیلاب متاثرین کی مدد کی مہم کے دوران اعظم خان نے نہایت جانفشانی اور اخلاص سے کام کیا ،وہ کم گو لیکن نہایت ذہین اور بیدار ذہن شخص تھے،ملک وقوم کے لئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے ، اہل خانہ اور تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔ آمین

سابق صدر آصف علی زرداری نے نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا،آصف علی زرداری نے محمد اعظم خان مرحوم کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا ،آصف علی زرداری نے محمد اعظم خان کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعاکی،

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی طرف سے خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان کی ناگہانی وفات پر نہایت دکھ کا اظہار کیا گیا، ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان غم اور صدمے کے ان لمحات میں مرحوم وزیراعلی کے خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ھے، اللہ تعالٰی ان کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائیں۔آمین

Leave a reply