سرگودہا : کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے میڈیکل کالج میں فیلڈ ہسپتال بنادیاگیا۔ اس ضمن میں وائس چانسلر سرگودہا یونیورسٹی ڈاکٹر اشتیاق احمدنے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئرشیخ کے ہمراہ میڈیکل کالج کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرگودہا یونیورسٹی پبلک سیکٹر میں پہلی یونیورسٹی ہے جس نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے فیلڈ ہسپتال بنایاہے اور 80 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال کوآپریشنل کردیا گیا ہے جبکہ کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔ فیلڈ ہسپتال میں ہائی ڈپینڈنیسی یونٹ بھی 24 گھنٹے کام کرے گا اور کنسلٹنٹ، ماہر ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف پر مشتمل عملہ بھی تعینات کردیا گیا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے اس موقع پر کہا کہ سرگودہا میڈیکل کالج میں فیلڈ ہسپتال انتہائی شارٹ نوٹس پر بنایا گیا ہے اور اس میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کی مکمل طبی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔میڈیکل کالج کے ماہر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف راؤنڈ دی کلاک اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ ڈاکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مریضوں کی صحت یابی کیلئے اپنا بھرپور طبی کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا کہ سرگودہا یونیورسٹی کی طرف سے سرگودہا میڈیکل کالج میں فیلڈ ہسپتال قائم کرنا لائق تحسین ہے اور انتظامیہ اس ضمن میں میڈیکل کالج کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس سے بھرپور تعاون کرے گی۔ یاد رہے کہ سرگودہا یونیورسٹی کی طرف سے زرعی کالج میں 237 بیڈز پر مشتمل قرنطینہ سنٹر قائم کیا گیا ہے جبکہ میڈیکل کالج میں بھی قرنطینہ کی سہولیات بھی 660 بیڈز کی ہیں۔ اس طرح کل 897 بیڈز کا قرنطینہ سرگودہا یونیورسٹی کی طرف سے کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے مختص کیا گیا ہے جو کہ کسی بھی پبلک سیکٹر یونیورسٹی کی طرف سے اب تک ملک بھر میں پہلا بڑا عملی قدم ہے۔

Shares: