ڈاکٹر فرح مسعود میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہی ہیں

0
27

کمشنرسرگودہا ڈویژن ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن سرگودہا ڈاکٹر فرح مسعود میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہی ہیں۔اجلاس میں چیف کارپوریشن آفیسرطار ق پرویا، ڈپٹی میٹروپولیٹن آفیسر سروسز و انفراسٹرکچر محمد احسان، ڈپٹی میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ملک محمد حیات اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہدعمران سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہیں۔ کمشنر نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سرکاری واجبات کی وصولی میں ناقص کارکردگی کے حامل اہلکاروں اور افسران کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے اگلے اجلاس میں ایسے اہلکاروں کو از خود حاضر ہونے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کلین اینڈ گرین مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیاگیا ہے ۔مہم کے دوران صفائی ستھرائی اورسینی ٹیشن کے ساتھ ساتھ فلٹریشن پلانٹس کی صفائی اور پانی کے ٹیسٹ کئے جائیں گے ۔ کمشنر نے صفائی کے بعد دکانوں اورگھروں کے باہر دوبارہ کوڑا پھینکنے والے افراد کو بھاری جرمانے کرنے اور بعض مقامات پر کچرا کو آگ لگانے کا نوٹس لیتے ہوئے ایسے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے موسم سرما میں لنڈا بازار اور ڈرائی فروٹ کی ریڑھیوں کو بازاروں گلی محلوں میں لگانے کی بجائے مخصوص جگہ تلاش کر کے وہاں پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے کنکشن کی نشاندہی ‘پانی کے سیمپل اور بقایاجات کی وصولی کیلئے پائلٹ پراجیکٹ بھی شروع کیاجارہاہے۔اس طرح اتوار چھٹی کے روز اندرون شہر کے بازاروں اوریونین کونسلوں میں صفائی کو یقینی بنانے کیلئے عملہ صفائی اورسینی ٹیشن اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں۔ ہر یونین کونسل میں تین تین صفائی سکواڈ کے افراد حاضر رہیں گے ۔کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے نہر لوئر جہلم کینال کی خوبصورتی کو یقینی بنانے او رتجاوزات کے خاتمہ کیلئے مشینری کرایہ پر حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے میٹروپولیٹن کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے ‘ انسداد ڈینگی مہم کا دائرہ قبرستانوں کے علاوہ دیگر مقامات تک پھیلانے اورآوارہ کتوں کی تلفی کی مہم کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

Leave a reply