کھاریاں: سوشل میڈیا پر فائرنگ کی ویڈیو اپلوڈ کرنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار

گجرات (طارق محمود سے)جی ٹی روڈ کھاریاں پر ہلڑ بازی اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے ویڈیوسوشل میڈیا پراپلوڈ کرنے والے گروپ کا سرغنہ اسلحہ سمیت گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق گجرات میں چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی،جس میں کچھ طلباء مین شاہراہ پر ہلڑبازی اور ہوائی فائرنگ کر رہے تھے۔جس پر ڈی پی او گجرات سید توصیف حیدر نے ضلع بھر کے ایس ایچ او ز کو ایسے عناصر جو کہ طلباء یونین اور گروپس کی آڑ میں پر تشدد کاروائیوں اور ہلڑ بازی کے ذریعے عوام الناس کے لئے پریشانی کا باعث بنتے ہیں جبکہ معصوم طلباء کوورغلا کر گروپ بندی میں ملوث کر کے انکا مستقبل تباہ کرتے ہیں، انکے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائیں۔اس سلسلہ میں ایس ایچ او تھانہ صدر کھاریاں SIمجاہد عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کاروائی کرتے ہوئے GTروڈ پر ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کرنے والے گروپ کے لیڈر حق نواز ولد رب نواز سکنہ کھاریاں کینٹ کو ٹریس کر کے اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔دوران انٹیروگیشن ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے” پنجتنی پچانوے سرکار” کے نام سے ایک سٹوڈینٹ تنظیم بنا رکھی ہے اور ہلڑبازی وغیرہ میں ملوث ہے۔ ڈی پی او گجرات توصیف حیدر کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ ایک سنگین جرم ہے جو کہ قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتا ہے۔ایسے عناصرکے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Comments are closed.