بدتمیزی‘بدکلامی‘جھوٹ اور فساد کی سیاست پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے،مولانا عبدالواسع
وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے، عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کو مزید ریلیف فراہم کرینگے، عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس وجمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے مختلف وفود سے ملاقات میں کہاکہ بدتمیزی‘بدکلامی‘جھوٹ اور فساد کی سیاست پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے، عمران نیازی کا دور گزر گیا وہ کبھی بھی وزیراعظم نہیں بن سکیں گے۔
مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ملک کی تباہی کے ذمہ دار سابقہ حکمران ہیں جنہوں نے ملک کے معاشی حالات کو تباہ کردیا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے پی ٹی آئی کو ہرایا، سابقہ کو حالیہ کھلاڑیوں نے شکست دی، پی ٹی آئی نے 20نشستوں میں سے پانچ ہاریں تو خوشی اور مبارکباد کس بات کی۔
انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی کیونکہ آئین کے بغیر معاملات ٹھیک نہیں ہوسکتے ا س لئے ہماری کوشش ہے کہ تمام تر معاملات کو آئین و قانون کے مطابق چلائیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں تحریک انصاف کی ضمنی انتخابات کی کامیابی سے ملکی معاملات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ جن نشستوں پر مسلم لیگ (ن)کو شکست ہوئی تھی یہ 2018میں پی ٹی آئی جیتی تھی اب ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے پی ٹی آئی کو ہرایا۔بلوچستان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ بلوچستان کے تمام متاثرہ علاقوں کو ریلیف فراہم کرینگے کسی بھی متاثرہ علاقے کو امدادی سرگرمیوں سے محروم نہیں کرینگے۔انہوںنے کہاکہ عمران نیازی نے ضمنی الیکشن کے انتخابی نتائج کو تسلیم کیا ہے امید ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممنوعہ فارنگ فنڈنگ کے فیصلے کو بھی قبول کرینگے۔