بلدیہ میں لٹیروں نے اسپتال میں مریض اور عملے کو لوٹ لیا
شہر قائد میں لوٹ مار، رہزنی اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے بعد ڈاکو اب اسپتالوں میں بھی لوٹ مار کرنے لگے۔لوٹ مار اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مصروف ڈاکوؤں کو روکنے والا کوئی نہیں، کراچی پولیس روایتی کارروائیوں اور تھانوں میں بیٹھ کر فائلوں میں حکام کو سب اچھا کی رپورٹ دینے میں مصروف ہے، ڈکیت اب ان مقامات اور جگہوں پر لوٹ مار کے لیے پہنچنے لگے جہاں کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ ہو کہ ڈاکو یہاں ڈکیتی مارسکتے ہیں۔بلدیہ ٹاؤن میں مسلح ڈاکوؤں نے نجی اسپتال میں مریضوں اور عملے کو یرغمال بناکر لوٹ لیا اور باآسانی فرار ہوگئے، اسپتال میں ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔بلدیہ ٹاؤن تھانے کی حدود بلدیہ ٹاؤن اللہ والی مسجد کے قریب نجی اسپتال میں2 مسلح ڈکیت داخل ہوئے، مسلح ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر پہلے اسپتال کے کاؤنٹر پر بیٹھے اسپتال کے عملے سے سے موبائل فونز اوررقم لوٹی اس کے بعد اسپتال میں موجود مریض اور اس کے تیماردار سے بھی لوٹ مار کی اور با آسانی فرار ہو گئے۔واردات کی فوٹیج میں مسلح ڈاکوؤں کو ماسک لگائے دیکھا جا سکتا ہے ڈاکو اطمینان سے نجی اسپتال میں داخل ہوئے اور لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے،نجی اسپتال میں لوٹ مار کی واردات گزشتہ روز پیش آئی تھی۔