راولپنڈی میں بارش نے تباہی مچادی،پانی گھروں،دکانوں میں داخل

0
183
pindi

راولپنڈی میں بارشی پانی گھروں میں داخل ہو گیا، بارش سے متعدد گھر زیر آب آگئے گلیوں میں 5فٹ سے زیادہ پانی کھڑا ہوگیا .شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے محفوظ مقام پر منتقل ہورہے ہیں

راولپنڈی میں بارشی پانی نے تباہی مچا دی ہے، ایک گھر میں جہیز کا سامان مکمل تباہ ہو گیا ہے،مکین گھروں سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں، گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں،راجہ بازار میں دکانیں کئی فٹ تک ڈوب گئی ہیں،پانی نکالنے کا ابھی تک کوئی انتظام نہیں کیا گیا، بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے بعد واسا نے پری الرٹ جاری کردیا ہے

ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح کو مسلسل مانیٹر کررہے ہیں، نالہ لئی کے اطراف آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے جب کہ ندیم کالونی اور جاویدکالونی کےمکینوں کو الرٹ کردیا گیا ہے، بارشوں کے بعد نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ اور گوالمنڈی پل پر پانی کا لیول 4 فٹ ہے، گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 12 فٹ ہوگئی جس کے بعد خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں، جڑواں شہروں میں مجموعی طور 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے،جڑواں شہروں میں موسلادھار بارشوں کے بعد واسا راولپنڈی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، واسا ٹیمیں نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کی مدد سے نکاسی آب میں مصروف ہیں۔

جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش ، رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی،تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں،جڑواں شہروں میں مجموعی طور 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز متعلقہ افسران کے ہمراہ فیلیڈ میں موجود رہیں۔ بارشی پانی کی نکاسی کا فوری بندوبست کیا جائے۔نالہ لئی کو خاص طور پر مانیٹر کیا جائے اور تمام تر تیاری مکمل رکھی جائے۔

اسلام آباد میں طوفانی بارش کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران فیلڈ میں اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں۔ شہر کے نشیبی علاقوں کی سڑکوں پر پانی بھر رہا ہے جو کے گاڑی کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے، زیرِ تعمیر پارک روڈ پر نا ہموار سطح میں پانی بھرنا شروع ہو گیا ہے اور سڑک کے ساتھ کچے حصے میں گاڑی پھنسنے کا اندیشہ ہے، ایکسپریس ہائی وے کے زیرِ تعمیر حصے کی نا ہموار سطح میں پانی بھرنا شروع ہو گیا ہے اور سڑک کے ساتھ کچے حصے میں گاڑی پھنسنے کا اندیشہ ہے، مری روڈ پر سترہ میل سے جانب بھارہ کہو سڑک کی توسیع و مرمت کا کام جاری ہے نا ہموار سطح میں پانی بھرنا شروع ہو گیا ہے اور سڑک کے ساتھ کچے حصے میں گاڑی پھنسنے کا اندیشہ ہے،معزز شہریوں سے گزارش ہے مندرجہ بالا راستوں پر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ اگر سفر کرنا ناگزیر ہو تو احتیاطی تدابیر اپنائیں، ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں خصوصی طور پر لین ڈسپلن برقرار رکھیں اور موقع پر موجود ٹریفک افسران کی ہدایات پر عمل کریں

Leave a reply