ورلڈ کپ کے دوران پاک بھارت میچ میں بارش کا امکان، میچ متاثر ہونے کا خدشہ

0
50

ورلڈ کپ کے دوران پاک بھارت میچ میں بارش کی وارننگ جاری ہوگئی جبکہ 23 اکتوبر کو میزبان شہر میلبرن میں موسم کے تیور بگڑنے کا 60 فیصد امکان ہے.

آج سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ سپر 12 راؤنڈ میں بھارت سے 23 اکتوبر کو کھیلے گا، یہ مقابلہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں شیڈول ہے جس میں 90 ہزار سے زائد تماشائیوں کی شرکت متوقع ہے، البتہ اس میچ کیلیے بارش نے خطرے کی گھنٹی بجانا شروع کردی۔ موسم کے حوالے سے سامنے آنے والی ابتدائی رپورٹ کے مطابق میلبورن میں 60 فیصد بارش کا امکان ہے، شائقین نے دعائیں کرنا شروع کردیں کہ اگلے اتوار کو موسم خوشگوار رہے تاکہ انھیں دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی 2 حریف ٹیموں کے درمیان مقابلے سے لطف اندوز ہونے کا موقع مل سکے۔ آسٹریلیا کا موسم ان دنوں کافی سرد ہے ، پاک بھارت میچ کے دوران بھی کم سے کم درجہ حرارت 10 اور زیادہ سے زیادہ 17 رہنے کا امکان ہے۔

حالیہ کچھ عرصے کے دوران میگا ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کے میچز بارش سے متاثر ہوتے رہے ہیں، ان میں 2013 کی چیمپئنز ٹرافی برمنگھم، 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کا کولکتہ میں میچ اور 2019 ورلڈ کپ کا برمنگھم میں کھیلا جانے والا مقابلہ شامل ہے، موسم کی مداخلت کے باوجود یہ مقابلے نتیجہ خیز ثابت ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران دونوں روایتی حریف پاکستان اور بھارت 3 بار مختصر ترین فارمیٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئے ہیں جہاں قومی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ پاکستان نے بھارت کو 2 مرتبہ شکست دی ہے جبکہ بھارت ایک میچ میں فتح اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوا ہے، ٹی20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 23 اکتوبر کو میلبرن میں کھیلے گی۔

دوسری جانب آسٹریلیا میں ٹی20 ورلڈکپ کا کوالیفائنگ مرحلہ اتوار کوشروع ہوگا، سری لنکا، نیدرلینڈز، یواے ای اور نمیبیا کی ٹیمیں گروپ ’’اے‘‘ میں شامل ہیں، ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، زمبابوے اور اسکاٹ لینڈ کو گروپ ’’بی‘‘ میں جگہ ملی، دونوں گروپس میں 2،2 ٹاپ ٹیمیں سپر 12 مرحلے میں شامل ہوں گی۔ گیلونگ میں سری لنکن ٹیم آج نمیبیا کے مقابل ہے، آئی لینڈرز نے پاکستان اور بھارت جیسی مضبوط ٹیموں کی موجودگی میں ایشیا کپ جیت کر دنیائے کرکٹ کو حیران کردیا تھا۔ کھلاڑی اس کارکردگی کو دہرانے کیلیے پْرعزم ہیں، انجریز کی وجہ سے باہر رہنے والے دشمانتھا چمیرا اور لاہیرو کمارا اسکواڈ میں واپس آچکے جبکہ وانندو ہسارنگا اور مہیش تھیکشانا کی موجودگی میں اسپن کا شعبہ بھی مضبوط ہے۔

دوسری جانب نمیبیا کی امیدوں کا محور آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزا ہوں گے،اسٹیفن بارڈ اور گیر ہارڈ ایراسمس بھی حریفوں کے چھکے چھڑا سکتے ہیں۔ گروپ ’’اے‘‘ کا دوسرا مقابلہ بھی گیلونگ میں ہی ہوگا جس میں اسکاٹ ایڈورڈز کی قیادت میں نیدر لینڈز کی گذشتہ میچز کے دوران کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، ون ڈے سیریز میں مہمان گرین شرٹس کو آسانی سے فتوحات حاصل نہیں ہوئی تھیں۔ حریف ٹیم یواے ای کی قیادت رضوان کے سپرد ہے، بیٹرز محمد وسیم اور وریتایا اروند اچھی فارم میں ہیں جبکہ بولنگ میں جنید صدیقی اور کارتھک میاپن ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں۔

Leave a reply