پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب
صوبائی سیکرٹریٹ: فرسٹ فلور صدیق سکوائر گلشن مارکیٹ نیو ملتان
عوام کوبنیادی ضروریات زندگی کی سہولتیں دینا ریاست کی ذمہ داری ہے: افتخار قریشی ایڈووکیٹ
پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی،تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو بلدیاتی اداروں کے ذریعے عملی شکل دینا ہو گی۔
پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر کی عہدیداران سے گفتگو
03 فروری2021ء
ملتان( )
پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدرافتخار قریشی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ غریب کا جینا مشکل ہو گیا ہے حکومت ساری توجہ مہنگائی کم کرنے پر مرکوز کرے۔حالیہ پٹرول اورگیس کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے۔ عوام کوبنیادی ضروریات زندگی کی سہولتیں دینا ریاست کی ذمہ داری ہے،کسی بھی ملک کے عوام کا خوشحال ہونا اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کی دلیل ہے۔ اب محض بیانات نہیں عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ جب تک حکومت عوام کو مہنگائی کے گرداب سے نکالنے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات نہیں کرے گی تب تک عام آدمی کی سانسوں پر لگی گرہ نہیں کھلے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افتخارقریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اچھی جمہوریت کے قیام اور عوام کو ملکی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے بلدیاتی اداروں کا قیام ناگزیر ہے۔پاکستان عوامی تحریک کا روز اول سے یہ موقف ہے کہ گراس روٹ لیول تک منتخب حکومت اورعوامی نمائندے ہونے چاہئیں۔ جب تک تحصیل اور یونین کونسل سطح پر مالی و انتظامی اختیارات منتقل نہیں کیے جاتے اس وقت تک جمہوریت کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچیں گے، پسماندگی کے خاتمے اور بنیادی سہولیات کی وسیع تر فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو بلدیاتی اداروں کے ذریعے عملی شکل دینا ہو گی۔لا قانونیت کے خاتمے،سستے اور فوری انصاف کی فراہمی،بدعنوانی کے ناسور کا خاتمہ صرف گفتگو اور بیانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہو گا تا کہ فلاحی ریاست کے تصور کو صحیح معنوں میں عملی شکل دی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اس کے لئے حکمت عملی وضع کر لی گئی ہے۔بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں۔ دنیا بھر کے جمہوری ملکوں میں مالی معاملات بلدیاتی ٹاؤن اور لوکل باڈیز کے پاس ہوتے ہیں صرف پاکستان کی جمہوریت میں پارلیمنٹرینز کو ڈویلپمنٹ کے فنڈ دئیے جاتے ہیں سارے فنڈز بلدیاتی اداروں کے پاس ہونے چاہئیں۔اس موقع پرچوہدری علی رضا نت،ملک عبدالرشید،چوہدری شاہد ارائیں،میجر محمد اقبال چغتائی،ضیاء الرحمن سکھیرا ایڈووکیٹ،ملک بشیر اعوان ایڈووکیٹ،چوہدری اقبال یوسف،گامن خان ایڈووکیٹ،مہر شعبان ورک،رانا قیصر علی،اصغر علی چانڈیہ،ظفرآفتاب بھٹی اور دیگر موجود تھے۔
راؤ محمد عارف رضوی
مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک برائے جنوبی پنجاب
عوام کی بنیادی ضروریات زندگی کی سہولتیں ریاست کی ذمہ داری، صدرافتخار قریشی ایڈووکیٹ
