رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں مجموعی بیرونی سرمایہ کاری میں 62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
باغی ٹی وی : اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے دوران مجموعی بیرونی سرمایہ کاری 42 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی، چار ماہ میں اسٹاک مارکیٹ سے 14 کروڑ 50 لاکھ ڈالر نکل گئے جبکہ گذشتہ سال اسی عرصے میں ایک کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔
جولائی سے اکتوبر کے دوران بانڈز مارکیٹ سے16 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا سرمایہ نکل گیا جبکہ گذشتہ سال انہی چار ماہ میں 43 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری ہوئی تھیمرکزی بینک کے اعداد شمار کے مطابق اس عرصے میں چین نے سب سے زیادہ 33 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ ہالینڈ نے 5 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور ہانگ کانگ نے 4 کروڑ 6 لاکھ ڈالر کا سرمایہ پاکستان میں لگایا.
ادھر ڈالر بھی روپے کے مقابلے میں مسلسل کم کی شکار ہے اور رپیہ اپنی قدر بہتر کر رہا ہے. امریکی ڈالر 23 پیسے سستا ہونے کے بعد 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا، انٹربینک میں ڈالر 161 روپے 90 پیسے پر فروخت ہوا۔
بتایا گیا ہے کہ اگست سے اب تک ڈالر 6 روپے 53 پیسے سستا ہوا ہے، اگست میں ڈالر 168 روپے 43 پیسے تک پہنچ گیا تھا۔ ڈالر کے نرخوں میں کمی سے غیرملکی قرضوں کے دباو میں 700 ارب روپے کی کمی ہوگی۔