گورنر خیبر پختونخواہ مستعفی ہو رہے؟ بیرسٹر سیف نے سب بتا دیا،اطلاعات کے مطابق معاون خصوصی بیرسٹر سیف نے گورنر خیبرپختونخوا کے مستعفی ہونے کی تردید کردی اور کہا کے پی میں تحریک عدم اعتمادلائی گئی تو ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی بیرسٹرسیف نے پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کےفیصلے کو دل سے تسلیم نہیں کرتا لیکن اسے ماننا میری آئینی مجبوری ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے سے مسئلہ ختم نہیں ہوا بلکہ لامتناہی معاملات سر ابھاریں گے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ضمیر فروشوں کی سیاست کا آغاز ہوچکا ہے، ضمیر فروشوں کی سیاست صرف اپنے مفادات کیلئے ہوگی، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، عمران خان تمہارے لیے دردسر ہے۔
بیرسٹرسیف نے کہا کہ اقتدار کی مجبوریاں اب ختم ہو چکی ہیں، اب دیکھتے ہیں کہ تم کس طرح کی حکومت کرتے ہیں، منی لاندرنگ میں ملوث شخص وزیراعظم بننے جارہے ہیں اور کرپشن میں ملوث بیٹے کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن ڈٹے رہے ہیں، عمران خان انہیں چین سے نہیں بیٹھنے دے گا۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ گورنرکے پی کے مستعفی ہونے کی کوئی بات سامنے نہیں آئی، خیبرپختونخوا کی اسمبلی کو نہیں توڑنا چاہیے تاہم کے پی میں تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
بیرسٹرسیف کا کہنا تھا کہ ذاتی رائے ہے مرکز میں ہمیں اپوزیشن میں بیٹھنا چاہے اور بطور اپوزیشن متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔