وزیراعلیٰ آفس میں لاہور کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ہے، ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ اور ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے لاہور کے منتخب نمائندوں کو منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی ہے، منتخب نمائندوں کو لاہور شہر کی ترقی اور عوام کو سہولتیں دینے کیلئے مستقبل میں شروع کئے جانے والے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے لاہور کی ترقی کیلئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کو خوش آئند قرار دیا ہے.

اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر لاہور کی ترقی کیلئے بے مثال منصوبوں پر کام کا آغاز کیا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں ان منصوبوں کی تکمیل سے زندہ دلان لاہور کو بے پناہ سہولتیں ملیں گی، لاہور کے شہری ان منصوبوں پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے شکرگزار ہیں، ون مین شو کے کلچر کو ختم کرکے منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس ترتیب دیئے ہیں.

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی میں لاہور سمیت بعض شہروں میں بغیر سوچے سمجھے اور بغیر پلاننگ کے منصوبے شروع کئے گئے، عوام کی ضروریات کا تعین کئے بغیر ان منصوبوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، نمائشی منصوبوں کے باعث صوبے کے خزانے پر بے پناہ بوجھ پڑاہے، تحریک انصاف کی حکومت نے لاہور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے باقاعدہ حکمت عملی کے تحت منصوبے بنائے ہیں، لاہورمیں شیرانوالہ فلائی اوور، شاہکام چوک فلائی اوور اور گلاب دیوی انڈر پاس کے منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جا چکا ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے ٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا، لاہور کے شہریوں کو آمدورفت کی بے پناہ سہولتیں میسر آئیں گی.

وزیراعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ لاہورمیں بارش کے پانی کے بروقت اخراج اور ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ واٹرسٹوریج ٹینکس بنانے کے منصوبے بھی بن رہے ہیں، لاہور میں مجموعی طور پر11 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جائیں گے، لارنس روڈ پر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے، کشمیر روڈ اور شیرانوالہ گیٹ کے قریب انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے، قذافی سٹیڈیم میں انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک بنانے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے تاج پورہ، کریم پارک راوی روڈ، ریلوے سٹیشن، کوپر روڈ، وارث روڈ، رسول پارک اور علامہ اقبال ٹاؤن کی سبزی منڈی کے قریب انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس بنانے کی منصوبہ بندی کی ہے، ان 7 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر پر 2 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی.

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ چونگی امر سدھو سے ہڈیارہ ڈرین تک سیوریج لائن بچھانے کا بھی منصوبہ بنایا ہے جس پر ایک ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی، میگا پراجیکٹس لاہور کا حق ہے جو ہم دے رہے ہیں، شہرکی ترقی، شہریوں کی ضروریات اور سہولت کے پیش نظر یہ منصوبے ناگزیرہیں، ان تمام منصوبوں کو ٹائم لائن کے تحت آگے بڑھایا جائے گا، ذاتی نمودونمائش کے منصوبوں کی جگہ عوامی ترجیحات کو مدنظر رکھا گیا ہے.

Shares: