بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) چاہتی ہے کہ بالی وڈ اداکار اس کے ایجنڈے پر چلتے ہوئے اس کا ساتھ دیں۔
یہ انکشاف خلیجی اخبار گلف نیوز کے سواتی چترویدی کے مضمون میں کیا گیا ہے جس کے مطابق بی جے پی چاہتی ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے اداکار یا تو اس کے ایجنڈے پر چلیں یا پھر حکومت اور اس کے سوشل میڈیا ٹرولز کے حملوں کے لیے تیار ہوجائیں۔
مضمون میں سواتی چترویدی نے اداکار عامر خان کی ترک خاتون اول امینہ اردوان سے ملاقات کا حوالہ دیا ہے کہ تُرک خاتون اول سے ملاقات کے بعد عامر خان کے خلاف بھارتی سوشل میڈیا پر بدترین مہم چلائی جا رہی ہے-عامر خان اپنی فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ کے لیے ترکی میں ہیں کورونا وائرس کے پیش نظر بھارت میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ طویل عرصے تاخیر کا شکار رہی تاہم اب فلم کی عکس بندی بھارت کے بجائے ترکی میں مکمل کرنے کو ترجیح دی گئی ہے-
سواتی چترویدی بھارت میں بی جے پی کی ٹرول سیاست پر ایک کتاب بھی لکھ چکی ہیں انھوں نے لکھا ہے کہ عامر خان کے قریبی ذرائع کے مطابق عامر خان بی جے پی ٹرولز کے ردعمل پر حیران ہیں کیوں کہ ان کا خیال ہے کہ بھارت اور ترکی کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
ان کے مطابق ترک خاتون اول سے ان کی ملاقات صرف اظہار تشکر کے لیے تھی۔