کراچی پولیس نے خفیہ اطلاع پر رنچھوڑ لائن کے علاقے مارواڑی لائن میں کارروائی کرتے ہوئے ایک کمرے کے فلیٹ سے بھائی کی جانب سے حبس بے جا میں رکھی گئی خاتون کو بازیاب کرالیا۔عید گاہ پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر زاہد محمود نے اس ضمن میں بتایا کہ انہیں پولیس ہیلپ لائن 15 مددگار پر اطلاع ملی، جس میں ایک جنید نامی شخص نے جنت بی بی بلڈنگ میں خاتون کو یرغمال بنائے جانے کا بتایا۔
ان کے مطابق پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر بتائے گئے پتے پر پہنچی جہاں بلڈنگ کے باہر بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔ زاہد محمود نے بتایا کہ جب ایک سنگل روم اپارٹمنٹ میں داخل ہوئے تو ہمیں بیڈ شیٹ میں لپٹی ہوئی ایک انتہائی لاغر خاتون ملی، وہ بہت کمزور اور چلنے پھرنے سے قاصر تھی، جسے ایک ایمبولینس کے ذریعے طبی امداد کیلئے سول اسپتال بھیجا گیا۔
اے ایس آئی زاہد محمود کے مطابق علاقہ مکینوں نے خاتون کے بھائی، جس کی شناخت اقبال کے نام سے ہوئی، کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس نے متاثرہ خاتون کے ماموں محمد حسن کی مدعیت میں اقبال کیخلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376، 344 اور 354اے کے تحت مقدمہ نمبر 280/21 درج کرلیا۔انہوں نے پولیس کو بتایا کہ متاثرہ خاتون کے والدین انتقال کرچکے ہیں، اس کا بھائی اسے اپنے ساتھ لے گیا اور تمام رشتہ داروں سے اس کے روابط ختم کردیئے۔
انہوں نے بتایاکہ علاقہ مکینوں نے مجھے بتایا کہ اسے یرغمال بنایا ہوا ہے۔مددگار 15 پر اطلاع دینے والے شہری جنید نے پولیس کو بتایا کہ اقبال نے ڈھائی سال قبل اپارٹمنٹ کرائے پر حاصل کیا گیا، سب جانتے تھے کہ وہاں اقبال اور اس کی بہن رہ رہی تھیں لیکن کسی نے بھی خاتون کو نہیں دیکھا تھا۔اس کا دعوی ہے کہ کبھی کبھی انہیں خاتون کے رونے کی آوازیں آتی تھیں تاہم کوئی بھی اس میں مداخلت نہیں کرتا تھا کیونکہ اسے گھریلو ذاتی معاملہ سمجھا جاتا تھا۔
جنید نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اس وقت گڑ بڑ کا احساس ہونے لگا جب کسی نے فلیٹ بند ہونے کے باوجود استعمال شدہ کنڈوم فلیٹ کے باہر پھینکا، بلڈنگ کی دیگر عورتوں نے کھڑکی سے فلیٹ کے اندر دیکھا تو انہیں وہاں ایک برہنہ خاتون دکھائی دی۔ایس ایس پی سٹی سرفراز نوازکے مطابق ایک خاتون میڈیکولیگل افسر نے متاثرہ خاتون کا چیک اپ کیا اور بتایا کہ خاتون کے ساتھ ریپ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشتبہ شخص کے نمونے حاصل کرکے ٹیسٹ کیلئے بھجوادیئے گئے ہیں، اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Shares: