بھارت کی انتہا پسندی کوپاکستان کی کامیاب سفارت کاری کیسے بے نقاب کر رہی ہے ، چوہدری سرور نے بتا دیا
باغی ٹی وی :بھارت کی انتہا پسندی کو عیاں کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی کامیاب سفارتی کوششوں سے دنیا کو واضح کر دیا ہے کہ بھارت بین الاقوامی امن کے لیے خطرہ ہے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھارت کے خلاف دیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وستم پر آواز آٹھا رہی ہے جبکہ پاکستان نے اپنی کامیاب سفارتی کوششوں سے دنیا کو واضح کر دیا ہے کہ بھارت بین الاقوامی امن کے لیے خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے بھارت انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث نریندر مودی کے 14 کارندوں کو ضمانت دے کر انصاف، آئین اور قانون کا بھی قتل کیا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت اقلیتوں بلخصوص مسلمانوں کے لیے جہنم بنتا جا رہا ہے اور معصوم لوگوں کے قاتلوں کی رہائی مودی کی انتہا پسندی اور ملی بھگت کا ثبوت ہے۔ بھارت میں بڑھتی ہوئی گھٹن اور انتہا پسندی پر مشہور اداکار نصیر الدین شاہ نے بھی کھل کر اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بھارت میں اقلیتوں پرمظالم ،انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی خراب ہے، امریکی رکن کانگریس سے بھی نارہا گیا،اطلاعات کےمطابق امریکی رکن کانگریس کا کہنا ہےکہ بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی خراب ہوگئی ہے۔ان کے علاوہ دیگر دنیا بھر سے عالمی ادارے بھارت پر تنقید کرچکے ہیں.