ورلڈ کپ، بھارت نے افغانستان کو شکست دے دی، محمد شامی کی ہیٹ ٹرک

ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے افغانستان کو 11 رنز سے شکست دے دی ہی. یہ ورلڈ کپ کا اٹھائیسواں میچ تھا جس میں بھارت کامیاب رہا ہے. انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور افغانستان کو جیت کیلئے 225 سکور کو ہدف دیا تاہم افغانستان کی پوری ٹیم 213 سکور پر آؤٹ ہو گئی.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان نے کھیل کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ دس سکور پر گر گئی. ان کے بعد افغان ٹیم کے کپتان گلبدین 27 سکور بنا کر آؤٹ ہو گئے. دوسری وکٹ گرنے سے افغان ٹیم پریشر میں آگئی رحمت شاہ اور ہشمت اللہ نے مزاحمت کرتے ہوئے 42 رنز کی پارٹنر شپ بنائی مگر وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرے، دونوں کو بمرا نے آؤٹ کیا۔ اصغر خان آٹھ رنز بنا کر چاہال کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ نجیب اللہ ذدران نےٹیم کو سہارا دیتے ہوئے مجموعی سکور میں 21 رنز کا اضافہ کیا،چاہال نے پانڈیا کی گیند پر انکا کیچ پکڑا۔راشد خان نے 14 رنز کی اننگز کھیلی اور چاہال کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔محمد نبی نے آخری اوور تک میچ کو سنسنی خیز بنائے رکھا انہوں نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں ، انہوں نے رواں ورلڈکپ کی پہلی ہیٹ ٹرک بھی بنائی جب کہ بھمرا،چاہال اور پانڈیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل میچ کا ٹاس بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے جیت کر افغانستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، افغانستان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو بڑا اسکور کرنے سے روکے رکھا اور بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 224 رنز ہی بنا سکی۔ روہت شرما اور لوکیش راہول نے اننگز کا آغاز کیا، روہت صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور راہول نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی، گل بدین نائب نے 2،2 جب کہ راشد خان، مجیب الرحمان، آفتاب عالم، اور رحمت شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارتی باؤلر محمد شامی کی آخری تین بالوں پر ہیٹرک نے انڈیا کو میچ جتوا دیا۔