صبا قمر اور ماہرہ خان کے بعد پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فلمیں ہماری جوان نسل کو خراب کر رہی ہیں.

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران رابی پیرزادہ نے کہا کہ ہماری جوان نسل اپنی ثقافت کو بھولتی جا رہی ہے اور اس کی وجہ بھارتی فلمیں ہیں.

رابی نے کہا کہ بالی ووڈ کی ہر فلم میں جرائم دکھائے جاتے ہیں اور ذیادہ تر ایسی فلمیں سلمان خان کی ہوتی ہیں. انہوں نے کہا کہ بھارت میں ایسی فلمیں بنانے والوں سے میرا سوال یہ ہے کہ آپ جوان نسل کو کیا دکھانا چاہتے ہیں, ایسا لگتا جیسے وہ جرم کو فروغ دے رہے ہوں.

رابی نے مزید گفتگو کے دوران کہا کہ مجھے پاکستان کے وہ سنہری دن یاد آتے ہیں جب پاکستان کی ہر فلم کا اختتام ایک سبق پر ہوتا تھا. ایک وقت تھا جب پاکستانی سینیما اپنی عروج پر تھا. ہماری فلموں میں لوگ سماجی اخلاقیات کا سبق حاصل کرتے تھے لیکن بالی ووڈ نے اب سب کچھ بدل ڈالا ہے. پریس کانفرنس کے دوران رابی جب بالی ووڈ پر بات کرتی ہر دفعہ وہ سلمان خان کا ذکر کرتی.

اسی سال فروری کے مہینے میں صبا قمر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ سلمان خان, ہرتک روشن اور عمران ہاشمی کا مذاق اڑا رہی تھی. انہوں نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان "چھچورے” ہیں پھر بعد میں کہا کہ سلمان عاجز ہیں.

اس سے قبل دسمبر میں ماہرہ خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ کہہ رہی تھی کہ بھارتی فلمیں ہمارے دل میں جگہ نہیں بنا سکتی. ہم بالی ووڈ نہیں ہیں.

Shares: