بھارتی سپریم کورٹ نے دفعہ 370 سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی
مقبوضہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے خلاف کئی درخواستیں سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہیں جس پر سماعت کے لیے عدالت عظمیٰ نے 16 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاسی رہنما شاہ فیصل اورسماجی کارکن شہلا رشید سمیت سات افراد کے ایک گروپ نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے، اور جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ کو بھی مسترد کرتے ہوئے صدارتی حکم کو چیلنج کرتے ہوئے اعلی عدالت سے رجوع کیا تھا۔
اسی طرح کی ایک درخواست میں منوہر لال شرما نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ہٹائے جانے کا مرکزی حکومت کا فیصلہ غیر آئینی ہے۔
اسی طرح کی ایک اور درخواست میں جموں وکشمیر سے فوری طور پر کرفیو ہٹانے اور نظر بند کئے گئے رہنماوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ درخواست تحسین پونےوالا نے دائر کی ہے۔